کویت اردو نیوز 18 مارچ: سہارا ایئر کنڈیشننگ کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر اعزاز احمد سرفراز انتقال کر گئے۔
تفصیلات کے مطابق کویت میں ایئر کنڈیشننگ بحالی کا کام کرنے والی معروف کمپنی "سہارا” کے منیجنگ ڈائریکٹر اعزاز احمد سرفراز انتقال کر گئے۔ انہوں نے کویت میں زیادہ تر ہندوستانی اور پاکستانی تقریبات کو فروغ دیا۔ ممتاز بھارتی بزنس مین اور سہارا ایئر کنڈیشننگ کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر اعزاز احمد سرفراز بدھ کی صبح کویت کے ایک اسپتال میں انتقال کر گئے۔ مرحوم نے سوگواروں میں اپنی اہلیہ محترمہ شگفتہ قدوائی اور بچوں ندال احمد اور بلال احمد کو چھوڑا ہے۔ اعزاز احمد نے سہارا ایئر کنڈیشننگ کمپنی قائم کی جو دو دہائیوں سے زیادہ عرصے سے کویت میں ایئر کنڈیشننگ خدمات کے ساتھ کاروبار سے منسلک ہے۔ اعزاز احمد سرفراز ہندوستان میں
کئی تعلیمی اداروں اور ٹرسٹوں کے سرپرست بھی تھے۔ سرفراز اینڈ قدوائی ایجوکیشنل فاؤنڈیشن جسے انہوں نے بھارت میں قائم کیا، ان کی سرپرستی میں ایک تعلیمی مرکز بھی چلا رہا ہے جو بھارتی ریاست یوپی کے شہر لکھنؤ کے قریب ایک پورے گاؤں کو اپنی سرپرستی میں لئے ہوئے ہے۔ گاؤں میں کم مراعات یافتہ بچوں کو مفت تعلیم فراہم کی جاتی ہے۔ اعزاز احمد سرفراز کویت میں زیادہ تر ہندوستانی اور پاکستانی تقریبات کو دل کھول کر اسپانسر کرتے اور پروموٹ بھی کرتے تھے۔