کویت اردو نیوز 12 جون: گزشتہ جمعہ کو بعد نماز جمعہ کویت کے گنجان آباد علاقے الفاحیل سے ان تارکین وطن کو گرفتار کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں جنہوں نے پیغمبر اسلامؐ کی حمایت میں مظاہرے کا اہتمام کیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق موجودہ بھارتی حکومت کی عہدیدار خاتون نوپر شرما کی جانب سے نبی پاکؐ اور ام المومنین حضرت عائشہ رضی اللہ تعالی عنہا کی شان میں گستاخی پر جہاں بیشتر ممالک میں مسلمانوں کی جانب سے احتجاج سامنے آ رہے ہیں وہی کویت میں بھی بروز جمعہ متعدد تارکین وطن نے کویت کے گنجان آباد علاقے الفحیحیل میں احتجاج کا مظاہرہ کیا جس پر ملک میں سکیورٹی اور امن برقرار رکھنے والے ادارے متحرک ہوئے اور اس احتجاج کا انتظام کرانے اور اس میں شریک افراد کے خلاف فوری کارروائی کرنے کا حکم جاری کیا۔ ذرائع نے بتایا کہ انہیں کویت سے ڈی پورٹ کر دیا جائے گا کیونکہ
انہوں نے ملک کے قوانین اور ضابطوں کی خلاف ورزی کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کویت میں غیر ملکیوں کے دھرنے یا مظاہرے منعقد کرنے پر سختی سے پابندی عائد ہو گی۔ ان تارکین وطن کو ڈی پورٹیشن سنٹر سے ان کے ممالک میں ڈی پورٹ کیا جائے گا اور ان کے کویت میں دوبارہ داخل ہونے پر پابندی ہوگی۔ خیال رہے کہ کویت میں تمام تارکین وطن کو کویت کے قوانین کا احترام کرنا چاہیے اور کسی بھی قسم کے مظاہروں میں حصہ نہیں لینا چاہیے جس کی خلاف ورزی کرنے کی سزا صرف اور صرف کویت سے ملک بدری ہے۔