کویت اردو نیوز 06 جنوری: کویت کی جنرل ٹریفک ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل یوسف الخدا نے کہا کہ "جنرل ٹریفک ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے 15 دسمبر 2021 کو فیصلے کے اجراء کے بعد سے
اپنا پیشہ تبدیل کرنے یا ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کی مقرر کردہ شرائط پر پورا نہ اترنے والے 3 ہزار غیر ملکیوں کے ڈرائیونگ لائسنس کینسل کر دئیے گئے ہیں”۔
اس بات کا انکشاف ٹریفک ڈیپارٹمنٹ کے سینئر اہلکار نے ایک میٹنگ کے دوران کیا جو وہ ہر ہفتے منگل کو شہریوں اور رہائشیوں کے ساتھ پہلے نائب وزیراعظم، وزیر داخلہ اور قائم مقام وزیر دفاع شیخ طلال الخالد کی ہدایات پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر جنرل برائے منصوبہ بندی اور تحقیقی امور، بریگیڈیئر جنرل خالد محمود، اسسٹنٹ ڈائریکٹر جنرل برائے تکنیکی امور بریگیڈیئر جنرل محمد العدوانی اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر جنرل برائے تعلیمی امور بریگیڈیئر جنرل حمود الروضان کی موجودگی میں منعقد کرتے ہیں۔
الخدہ نے اشارہ کیا کہ جی ٹی ڈی کمپیوٹر پر رجسٹرڈ لائسنسوں کی تعداد 2.3 ملین تک پہنچ گئی ہے انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کسی کو کوئی استثنا نہیں ہے اور کوئی بھی وزارت کے فیصلوں کو نظرانداز نہیں کرسکتا۔
انہوں نے کہا کہ رہائشی طلباء یا اپنی تعلیم مکمل کرنے والوں کو ڈرائیونگ لائسنس کی فراہمی معطل کر دی جائے گی اور اس فیصلے میں کوئی استثنا نہیں ہے جبکہ اس فیصلے کا اطلاق گھریلو خواتین پر بھی ہوتا ہے لیکن شوہر کی ملازمت کے مطابق انہیں استثنا حاصل ہے۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ اس قانون کا سختی سے اطلاق ہوتا ہے اور نشاندہی کی کہ جی ٹی ڈی نے ملک کی مختلف مرکزی اور بیرونی سڑکوں پر تقریباً 400 ٹریفک کیمرے نصب کیے ہیں جبکہ کچھ بھاری ٹریفک کا مشاہدہ کرنے والی اندرونی سڑکوں پر 10 جدید سکستھ جنریشن کے کیمرے بھی شامل ہیں اس کے علاوہ کچھ چوراہوں پر 100 دوسرے کیمرے جن کے لیے ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیں جو کہ جلد ہی نصب کیے جائیں گے۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ جنرل ٹریفک ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ان کیمروں میں سیٹ بیلٹ نہ باندھنے، ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون استعمال کرنے اور گاڑی کو لاپرواہی سے چلانے کی خلاف ورزیوں پر نظر رکھنے کا فیچر شامل کیا گیا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ "جدید سکستھ جنریشن کے کیمرے اور ان کیمروں سے لیس خصوصیات شہریوں اور رہائشیوں کی جان و مال کی حفاظت میں اہم کردار ادا کریں گی”۔
الخدہ نے وضاحت کی کہ 2022 کے دوران ٹریفک حادثات کے نتیجے میں ہونے والی اموات کی شرح 2021 میں ہونے والی اموات کی تعداد کے مقابلے میں بہت کم تھی۔
انہوں نے شرح اموات میں کمی کی وجہ یہ بتائی کہ ڈرائیور پہلے سے زیادہ باشعور ہو گئے ہیں کیونکہ گاڑیوں کے ڈرائیوروں کا رویہ آگاہی مہموں کے ذریعے یا ان کے خلاف درج ہونے والی خلاف ورزیوں کے ذریعے تبدیل ہوا ہے۔