کویت سٹی 26 جولائی: روزنامہ عرب ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق تصدیق شدہ لیبارٹریز میں PCR ٹیسٹ کی قیمت 30 سے 35 دینار ہونے کی توقع کی جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق چونکہ کویت ائیرپورٹ 30 فیصد افرادی قوت کے ساتھ اپنا ائیر آپریشن یکم اگست سے شروع کرنے والا ہے تاہم کویت سے روانہ ہونے والے مسافروں کو پی سی آر ٹیسٹ کا سرٹیفکیٹ رکھنا ہوگا جو اس بات کا ثبوت ہوگا کہ مسافر کورونا وائرس سے پاک ہیں تاہم یہ ضروری ہے کہ پی سی آر ٹیسٹ سفر سے 96 گھنٹے قبل کروایا گیا ہو ۔
ذرائع نے واضح کیا کہ پی سی آر ٹیسٹ کے نتائج اگر مسافروں کو فون، ای میل یا میسج (ایس ایم ایس) کے ذریعے موصول ہوئے تو ایئر پورٹ پر صحت کے حکام ایسے نتائج کو قبول نہیں کرینگے۔
واضح رہے کہ صحت کے حکام صرف اصل سرٹیفکیٹ ہی قبول کرینگے تاکہ کسی بھی قسم کی ہیرا پھیری یا دھوکے بازی سے بچا جاسکے۔
یہ خبر بھی پڑھیں: کویت ائیر ویز کی سات ممالک کے لئے ریزرویشن کا آغاز
وزارت صحت ایک اور پرائیویٹ لیبارٹری کو منظوری دینے کے مراحل میں ہے۔ وزارت صحت کی جانب سے پی سی آر ٹیسٹ کے لئے منظور شدہ فیس کی حد 40 دینار رکھی گئی ہے تاہم وزارت صحت کی جانب سے جن لیبارٹریز کو پی سی آر ٹیسٹ کرنے کے اجازت نامے موصول ہونگے وہ ٹیسٹ کی قیمتوں میں تبدیلی کرسکتے ہیں بشرطیکہ ٹیسٹ کی قیمت وزارت صحت کی طے شدہ قیمت سے زیادہ نہ ہو۔ پی سی آر کے لئے تسلیم شدہ لیبارٹریز 30 سے 35 دینار کے درمیان ٹیسٹ کی فیس مقرر کرسکتی ہیں۔
ذرائع نے انکشاف کیا کہ کچھ ممالک میں حکومت کی طرف سے مقرر کردہ قیمتیں 19 سے 32 دینار کے درمیان ہیں جبکہ کویت کی وزارت صحت سے وابستہ اسپتالوں اور مراکز میں یہ شہریوں اور رہائشیوں کے لئے مفت ہے۔