کویت اردو نیوز 24 اگست: ماؤں پر بچوں کے رہائشی ویزوں کی منتقلی کا فیصلہ معطل کر دیا گیا مگر ایک شرط پر۔
تفصیلات کے مطابق رہائشی امور کی جنرل ایڈمنسٹریشن کی جانب سے 6 گورنریٹس کو جاری کیا جانے والا فیصلہ واپس لے لیا گیا ہے۔ اس سے قبل یہ فیصلہ جاری کیا گیا تھا کہ اگر والد مستقل طور پر ملک چھوڑ جاتے ہیں یا اگر اس کا رہائشی اقامہ ملک سے باہر رہ کر ختم ہوجاتا ہے یہاں تک کہ والد کی موت کی صورت میں بھی بچوں کے رہائشی اقامے ماؤں پر منتقل نہیں ہوسکتے تھے۔
فیصلے کی معطلی کے حوالے نئی ہدایات چھ گورنریٹس میں رہائشی امور کے محکموں کے ڈائریکٹرز کو جاری کردی گئیں ہیں جس میں ماضی کی طرح ملک میں مقیم اپنی ماؤں کی کفالت پر بچوں کے رہائشی اجازت نامے منتقل کرنے سے متعلق لین دین کو قبول کیا جاسکے گا بشرطیکہ وہ قواعد کی شرائط پر پورا اتریں۔ ماؤں کے ویزوں پر منتقلی کی سب سے اہم شرط یہ ہے کہ ان کے ورک پرمٹ میں 500 دینار کی تنخواہ موجود ہو۔
یہ خبر بھی پڑھیں: 32 ممالک پر پابندی سے کویت کو سخت نقصان کا سامنا
ذرائع نے اشارہ کیا کہ وزارت تعلیم میں کام کرنے والی خواتین اساتذہ کے علاوہ وزارت صحت میں نرسنگ عملہ اور محکمہ فارنزک میں کام کرنے والی خواتین ڈاکٹروں کو بھی اپنے بچوں کی رہائش گاہ پر کفالت کرنے کا حق ہے کیوں کہ وہ متعلقہ قواعد سے مستثنیٰ ہیں۔
ذرائع نے انکشاف کیا کہ اس فیصلے سے محکموں میں شدید الجھن پیدا ہوگئی تھی جس کی وجہ سے اسے جلد از جلد حل کرنے کی ضرورت تھی اور جب یہ واضح ہوگیا کہ یہ قانون غیر مؤثر ہے تو اسے معطل کردیا گیا۔