کویت اردو نیوز 19 ستمبر: مسافروں کو COVID 19 مثبت آنے کی صورت میں دبئی نے ائر انڈیا ایکسپریس کی پروازیں ایک دن کیلئے معطل کردیں۔
تفصیلات کے مطابق ایئر انڈیا ایکسپریس نے کہا کہ دبئی سول ایوی ایشن اتھارٹی (ڈی سی اے اے) نے 28 اگست اور 4 ستمبر کو COVID مثبت سرٹیفکیٹ والے دو مسافروں کو لانے پر جمعہ کے روز اس کی پروازیں 24 گھنٹوں کے لئے معطل کردی ہیں۔
متحدہ عرب امارات کے قوانین کے مطابق بھارت سے سفر کرنے والے مسافروں کو RT-PCR ٹیسٹ کا اصل منفی سرٹیفکیٹ لانا ہوگا جو کہ پہنچنے سے 96 گھنٹے قبل کا ہونا چاہیے۔
ایئر انڈیا ایکسپریس ، ائیر انڈیا کا ذیلی ادارہ ہے۔ ایک مسافر جس کے پاس 2 ستمبر کو COVID مثبت سرٹیفکیٹ تھا 4 ستمبر کو ایئر انڈیا ایکسپریس کی جے پور سے دبئی کی پرواز کے لیے سفر کیا تھا جبکہ اسی نوعیت کا واقعہ اس سے قبل اسی ایئر لائن کی دبئی جانے والی دوسری پرواز پر بھی پیش آ چکا تھا۔
ایئر انڈیا ایکسپریس نے کہا کہ اسے 17 ستمبر کو سول ایوی ایشن کی جانب سے معطلی کا ایک نوٹس جاری کیا گیا جس میں دو مختلف دنوں میں کوویڈ 19 کے دو مثبت مسافر دبئی لانے کے وجہ سے 18 ستمبر سے 2 اکتوبر تک دبئی کے لئے ائیر انڈیا ایکسپریس کی پروازیں معطل کرنے کا کہا گیا جبکہ اپنے دوسرے بیان میں ایئر انڈیا ایکسپریس نے کہا کہ "دبئی سے آنے اور جانے والی آل ایئر انڈیا ایکسپریس کی پروازیں 19 ستمبر 2020 ء کو اصل شیڈول کے مطابق ہی کام کریں گی۔”
کورونا وائرس پھیل جانے کی وجہ سے 23 مارچ سے بھارت سے بین الاقوامی پروازیں معطل کردی گئیں تاہم مئی سے "وندے بھارت مشن” کے تحت اور جولائی سے بھارت اور 10 دیگر ممالک کے مابین دوطرفہ ہوائی انتظامات کے تحت خصوصی بین الاقوامی مسافر پروازیں بھارت میں چل رہی ہیں۔
یہ خبر بھی ضرور پڑھیں: ڈیجیٹل سول آئی ڈی ایپلیکیشن کو اپڈیٹ کرنے کی تیاری
یاد رہے کہ پچھلے مہینے 14 اگست کو دہلی ہانگ کانگ کی پرواز کے 14 مسافروں کو COVID-19 کے مثبت آنے کے بعد ایئر انڈیا کی پروازوں کو 18 اگست سے 31 اگست کے درمیان ہانگ کانگ میں لینڈنگ سے روک دیا گیا تھا۔