کویت اردو نیوز 12 فروری: پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق جمعہ کی رات 10 بجے کے قریب اسلام آباد، لاہور، پشاور، راولپنڈی، مردان سمیت مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ محکمہ موسمیات کے زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 6.4 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلہ 80 کلومیٹر کی گہرائی میں آیا۔ ابھی تک کسی بھی علاقے سے زلزلے کے نتیجے میں کسی قسم کے نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق جھٹکے سوات، شمالی وزیرستان اور باجوڑ سمیت جہلم ، ملتان، سرگودھا، فیصل آباد، لاہور، سیالکوٹ، مظفر آباد اور میرپور آزادکشمیر میں بھی محسوس کیے گئے۔ زلزلے کے جھٹکے جن علاقوں میں محسوس کیے گئے وہاں سے فی الحال کسی قسم کے نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 6.4 ریکارڈ کی گئی، زلزلے کا مرکز تاجکستان کا علاقہ تھا جبکہ زلزلہ 80 کلومیٹر کی گہرائی میں آیا۔ زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ زلزلےکے آفٹر شاکس بھی آ سکتے ہیں۔
دوسری جانب زلزلے کے جھٹکے بھارت میں بھی محسوس کیے گئے۔ بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی سمیت ملک کے شمالی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق زلزلے کے جھٹکے نئی دہلی، جمو و کشمیر، راجستھان، پنجاب اور دیگر علاقوں میں محسوس کیے گئے جبکہ بھارت میں زلزلے کی شدت ریکٹر سکیل پر 6.1 ریکارڈ کی گئی۔