کویت اردو نیوز 22 فروری: کویت کی کورونا ایمرجنسی کمیٹی کو جزوی کرفیو کے لئے تجاویز پیش کردی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق روزنامہ القبس نے ملک میں متوقع جزوی کرفیو کی خصوصیات شائع کردیں ہیں۔ اعلی سطح کے سرکاری ذرائع نے القبس کو انکشاف کیا کہ کورونا ایمرجنسی کمیٹی آج پیر کو اجلاس کرے گی تاکہ ملک میں جزوی پابندی کے نفاذ کے لئے وزراء کی کونسل کو ایک سفارش پیش کریں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سفارشات میں اس بات کی تجویز دی گئی ہے کہ کرفیو کے اوقات تقریباً 10 سے 12 گھنٹے روزانہ ہوں بشرطیکہ پابندی کی مدت کم ہوجائے جس میں قومی تعطیلات بھی شامل ہیں۔ توقع کی جاتی ہے کہ اس مدت میں اجتماعات اور تقریبات کا سخت مشاہدہ کیا جائے گا۔
ذرائع نے تصدیق کی کہ کابینہ کی میز پر کوئی فیصلہ ہونے سے پہلے سفارشات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا جبکہ یہ بھی توقع کی جارہی ہے کہ کرفیو کی تاریخوں میں کچھ تبدیلی لائی جائے گی۔
دوسری طرف ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ گزشتہ رات ملک میں تارکین وطن کے داخلے کو روکنے کے فیصلے میں توسیع کا سبب ان کے ممالک میں کورونا کی نئی لہر کی موجودگی ہے جو اعلی خطرے کی درجہ بندی میں آتے ہیں۔ تارکین وطن کو ملک میں داخلے کی اجازت دینے سے ملک میں کورونا کا پھیلاؤ بڑھ سکتا ہے۔ ایسی صورتحال میں جب ملک میں صحت کی صورتحال بگڑ رہی ہے وزارت صحت سخت دباؤ کا شکار ہے اور یہ فیصلہ انتہائی ضروری تھا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ داخلے پر پابندی اگلے نوٹس تک ہفتہ وار بنیاد پر تشخیص سے مشروط ہوگی۔