کویت اردو نیوز 27 فروری: کویت بین الاقوامی ہوائی اڈہ پر سکیورٹی کیمروں کے جدید ترین سسٹم کی تنصیب کا عمل جاری ہو چکا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (ڈی جی سی اے) کویت بین الاقوامی ہوائی اڈہ پر 870 نئے نگرانی کیمرے لگانے اور پرانے سسٹم کی جگہ ایک نئے اور جدید ترین کیمروں کی تنصیب کا کام کر رہی ہے جس میں سکیورٹی وجوہات کی بناء پر پہلی بار چہرے کی شناخت کے لئے مختلف قسم کے جدید کیمرے شامل ہوں گے۔
روزنامہ الأنباء کی جانب سے شائع کی جانے والی اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ کیمرے کویت بین الاقوامی ہوائی اڈہ کی تمام عمارتوں بشمول T4 اور T5 عمارتوں میں تنصیب کیے جائیں گے۔ ڈی جی سی اے ایک اعلٰی درجے کا کنٹرول روم بھی بنائے گا جس میں دیوہیکل اسکرینیں، 20 نگرانی والی ٹی وی اسکرینز اور 4×2 میٹر کی ایک بڑی ویڈیو دیوار بنائی جائے گی جبکہ اس سکیورٹی روم میں قریب 9 آپریٹرز اور ایک سپروائزر موجود ہوں گے۔
جدید کیمروں میں لوگوں اور کاروں کے لئے مصنوعی ذہانت پر مبنی ٹریکنگ کی خصوصیات موجود ہیں اور کار پلیٹ نمبروں کی نشاندہی کرنے کے لئے لگ بھگ 5 کیمرے لگائے جائیں گے نیز ان کیمروں میں آگ و دھواں اور نقل و حرکت کی نشاندہی کرنے کی بھی خصوصیات موجود ہیں۔
کمپنیوں کو منصوبے کے لئے ٹینڈر فراہم کرنے کے لئے سازگار موقع فراہم کرنے کے لئے تنصیب کے عمل کو دو ہفتوں تک بڑھایا گیا ہے۔