کویت اردو نیوز 24 اپریل: کویت نے اگلی اطلاع تک بھارت سے آنے والی تمام کمرشل پروازوں کو معطل کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ کمیونیکیشن سینٹر نے صحت کی بگڑتی ہوئی صورتحال کی وجہ سے اگلا نوٹس جاری ہونے تک جمہوریہ ہند کے ساتھ براہ راست کمرشل پروازیں معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
مرکز نے مزید کہا کہ اگلا نوٹس جاری ہونے تک جمہوریہ ہند سے آنے والے افراد کے لئے ملک میں داخل ہونا ممنوع ہے خواہ وہ براہ راست آئیں یا کم از کم 14 دن کسی دوسرے ممالک میں گزار کر آئیں۔
سول ایوی ایشن کی جنرل انتظامیہ نے ایک سرکلر جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ "کویتی شہری اور ان کے فرسٹ ڈگری کے رشتہ دار (شوہر بیوی اور بچے) اور ان کے ساتھ آنے والے گھریلو ملازمین کو ہندوستان سے آنے والی پروازوں کو روکنے کے فیصلے سے خارج کردیا گیا ہے۔”
دوسری جانب متحدہ عرب امارات نے بھی 24 اپریل کی رات 23:59 بجے سے بھارت سے آنے والی تمام مسافر پروازوں کو معطل کردیا ہے۔
جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی (جی سی اے اے) اور نیشنل ایمرجنسی کرائسز اینڈ ڈیزاسٹرز ایمرجنسی مینجمنٹ اتھارٹی (این سی ای ایم اے) نے بھارت سے آنے والی قومی اور بین الاقوامی کیریئر کے لئے تمام اندرون ملک پروازوں کو معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
جمعرات کو جاری کردہ ایک بیان میں حکام نے کہا کہ 24 اپریل 2021 بروز ہفتہ 23:59 تک 10 دن کی مدت کے لئے دوسرے ممالک کے راستے بھارت سے آنے والے مسافروں کو لازمی طور پر ان ممالک میں کم از کم 14 دن تک قیام کرنا ہو گا جبکہ اس فیصلے میں توسیع بھی کی جاسکتی ہے۔
اماراتی حکام نے تصدیق کی کہ متحدہ عرب امارات کے شہری ، سفارتی پاسپورٹ ہولڈرز ، سرکاری وفود ، کاروباری پروازیں اور گولڈن اقامتی ویزا رکھنے والوں کو اس فیصلے سے خارج کیا جاتا ہے بشرطیکہ وہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔