کویت اردو نیوز 23 دسمبر: وزارت داخلہ کو کویتی شہری کی طرف سے شکایت موصول ہوئی جس میں اس نے بتایا کہ ایک غیر ملکی نے حولی کے علاقے میں ایک بوتھ کھولا ہے اور وہ راشن وغیرہ(کھانے کی اشیاء) فروخت کر رہا ہے۔ وزارت داخلہ کی ٹیم فوری طور پر حرکت میں آئی اور مقام پر پہنچی جہاں انہوں نے دودھ، چاول، چینی اور تیل جیسی مصنوعات کو ضبط کر لیا۔ گرفتار شخص کا ڈیٹا چیک کرنے پر معلوم ہوا کہ وہ بھارتی شہری ہے اور لیبر قانون کی خلاف ورزی کرتا ہے۔ اسے حراست میں لے لیا گیا۔ قانونی طریقہ کار مکمل کرنے کے بعد اسے کویت سے ڈی پورٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ یہ وہ راشن تھا جو حکومت کویت اپنے شہریوں کو سبسڈی کی مدت میں ہر ماہ مہیا کرتی ہے جسے فروخت کرنا قانونی جرم ہے جبکہ کویت میں غیر ملکیوں کی اکثریت (بنگلہ دیشی و بھارتی) اس راشن کو فروخت کرتی ہے جن کے خلاف سخت کاروائی کی جاتی ہے۔ دوسری جانب روزنامہ الرای کی رپورٹ کے مطابق احمدی پولیس نے ایک 35 سالہ نامعلوم مصری کو تفتیش کے لیے حراست میں لیا ہے جس نے خودکشی
کی دھمکی دی تھی۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ملزم کے روم میٹ نے وزارت داخلہ کے آپریشنز ڈیپارٹمنٹ کو اطلاع دی کہ اس شخص نے اپنے جسم پر پیٹرول ڈالا تھا اور اس کے ہاتھ میں گیس لائٹر تھا۔ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس موقع پر پہنچی اور اس شخص کو جس کے ہاتھ میں لائٹر تھا کو دھمکی پر عمل نہ کرنے پر راضی کیا۔ پوچھ گچھ کے بعد اس شخص کو ملک بدر کر دیا جائے گا۔