کویت سٹی 18 اپریل: روزنامہ عرب ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے ملکی تاریخ کی سب سے بڑی مہم کے آغاز کی تیاریاں کر دی گئی ہیں۔ وزارت داخلہ کے مختص کردہ مراکز میں رہائشی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کی آمد جاری ہے اور کثیر تعداد میں افراد اس معافی اور چھوٹ سے فائدہ اٹھا رہے ہیں تاہم وزارت داخلہ نے اس چھوٹ کی مدت پوری ہونے کے بعد اور اس چھوٹ سے فائدہ نہ اٹھا کر ملک میں ناجائز طریقے سے مقیم رہنے والوں کو تنبیہ کردی ہے کہ وہ اسوقت اپنے آپ کو محفوظ طریقے سے کسی سزا اور جرمانے سے بچا سکتے ہیں اور اپنے ملک واپس جا سکتے ہیں لیکن اس ایک ماہ کی مدت پوری ہونے بعد ملکی تاریخ کی سب سے بڑی مہم کا آغاز کیا جائے گا جس میں وہ افراد جنہوں نے اپریل کے آخر تک عام معافی کا فائدہ نہیں اٹھایا ہے اگر گرفتار ہوئے تو ایسے افراد کے لئے بڑی اور کڑی سزائیں ہونگی اور پھر انکے لئے کوئی معافی نہیں ہوگی۔ذرائع نے بتایا کہ اس مہم کے تحت ریزیڈنسی قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں اور گرفتار کارکنوں کی کفالت کرنے والوں کی فہرست تیار کرنے کے بعد کمپنیوں ویزا کے تاجروں اور انسانی اسمگلروں کو بھی نشانہ بنایا جائے گا۔ ذرائع نے مزید کہا کہ یہ کمپنیاں مزدوروں کی رہائش اور ملک بدری کے اخراجات ادا کرنے کے پابند ہوں گی ، ان کی فائلیں بند کردی جائیں گی اور انھیں متعلقہ حکام کے پاس بھیجا جائے گا اور خلاف ورزی کرنے والوں کو چھپانے میں ثابت ہونے والے تمام افراد بھی جوابدہ ہونگے۔ ذرائع نے تصدیق کی کہ وزراء کونسل نے وزیر داخلہ انس الصالح کو ویزا ٹریڈنگ کے مسئلے کی نشاندہی کرنے اور اس جرم میں ملوث تمام افراد کی شناخت کرنے کے لئے جامع اختیارات دیئے ہیں – چاہے وہ آجر ہوں یا اہلکار جنہوں نے بھی طریقہ کار میں سہولت کاری کی ہو اور قانون کو نظرانداز کیا ہو گرفتار کئے جائینگے۔