کویت سٹی 11 جون: روزنامہ السیاسیہ کی رپورٹ کے مطابق وزارتی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ کویت واپس آنے والے تارکین وطن پر شرائط عائد کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ضابطوں کے اطلاق کی سپریم پرمینینٹ کمیٹی نے وزارت صحت، داخلہ اور خارجہ امور کی وزارتوں کے تعاون کے ساتھ چند ضروری تجاویز پیش کی ہیں جن میں تجارتی پروازوں کی بحالی کے بعد جو تارکینِ وطن کویت واپس لوٹیں گے انکے لئے پہلی شرط PCR ٹیسٹ سرٹیفیکیٹ ہوگا جو انہیں لازمی پیش کرنا ہوگا نیز واپس لوٹنے کے بعد قرنطین ہونا بھی لازمی شرط ہوگی۔
ذرائع کے مطابق متعلقہ تارکین وطن کا قرنطین ادائیگی سے انکار کرنے کی صورت میں کفیل یا کمپنی قرنطین فیس کی ادائیگی کی ذمہ دار ہوگی۔
اگر فیصلہ پر عمل درآمد ہوتا ہے تو وطن واپس آنے والے تمام افراد کو لازمی طور پر سرٹیفکیٹ جمع کروانا ہوگا اور ٹیسٹ صرف منظور شدہ خصوصی اسپتالوں میں ہی کرایا جا سکتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ریزرویشن اور سفر کے طریقہ کار میں نرمی کا مظاہرہ کرنے والی ایئر لائنز پر قانونی پابندیاں اور جرمانے عائد کرنے کا بھی ایک منصوبہ ہے۔ ائیرلائنز اس بات کو یقینی بنائیں کہ اس پابندی کے اطلاق کے بعد مسافر لازمی سرٹیفکیٹ پیش کریں جو ان کے کورونا وائرس سے پاک ہونے کا ثبوت ہوگا۔
انہوں نے تصدیق کی کہ یہ منصوبہ اب وزرا کی کونسل کی دسترس میں ہے اور توقع کی جارہی ہے کہ وطن واپسی کے لئے پروازیں دوبارہ شروع کرنے سے قبل جانچ، سند اور ادارہ قرنطین فیس سے متعلق فیصلوں کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان فیصلوں پر اس وقت تک عمل درآمد کیا جائے گا جب تک کہ ملک میں زندگی معمول پر نہ آجائے۔
حوالہ: عرب ٹائمز