خلیجی ریاست کویت کی حکومت کی جانب سے سعودی عرب کی وزارت حج وعمرہ کی مسلمان عمرہ زائرین اور عازمین حج کے لیے حسن انتظام اور خدمات کے اعتراف میں ’میڈل آف انفارمیٹکس‘ جاری کیا گیا ہے۔
سعودی وزارت حج کو یہ اعزاز 2021ء کے سیشن کے موقع پر میڈل آف انفارمیٹکس ایوارڈ کے فاتحین کے اعزاز میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران دیا گیا۔ یہ تمغہ الشیخ سالم العلی الصباح سال 2021ء کا سب سے بڑا انفارمیٹکس ایوارڈ ہے۔
کویت کے امیر الشیخ نواف الاحمد الجابر الصباح کی جانب سے کویت کے ولی عہد الشیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح نے سعودی عرب کے وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ کو عطا کیا۔ یہ ایوارڈ سعودی عرب کی حکومت بالخصوص وزارت حج کی جانب سے حج اور عمرہ کے مناسک ادا کرنے والے مسلمانوں کے لیے معیاری سہولیات اور خدمات کی فراہمی کا اعتراف ہے۔
اس ایوارڈ کے ذریعے سعودی عرب کی حکومت نے اعتراف کیا ہے کہ سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ مملکت کے اندر اور دنیا بھر سے آنے والے فرزندان توحید کو عبادت کی ادائی کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کرتی ہے۔ اس سلسلے میں جدید ٹیکنالوجی سے مدد لے کر زائرین کے لیے مزید آسانی فراہم کی گئی ہے۔
سعودی عرب کی وزارت حج کی طرف سے عمرہ زائرین کی آن لائن رہ نمائی کے لیے ’اعتمرنا‘ ایپ متعارف کرائی گئی اور اس میں مزید اضافہ کرتے ہوئے’نسک‘ پلیٹ فارم متعارف کرایا گیا ہے۔ یہ سروسز سعودی عرب کے وژن 2030 کے اہداف کے مطابق ہیں۔ اس وژن کے تحت سعودی عرب زائرین حج وعمرہ کو جدید ترین اور معیاری سہولیات کی فراہمی کا عزم رکھتا ہے۔
اس موقع پر سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا کہ "انفارمیٹکس کا تمغہ” وزارت کی طرف سے دانشمندانہ قیادت کے تعاون اور دلچسپی کے ساتھ شروع کی گئی کوششوں اور "انسانی صحت سب سے مقدم” رکھنے کی ہدایات کی توسیع کا لازمی نتیجہ ہے۔
ہم نے حال ہی میں ’نسک‘ ایپ متعارف کرائی جبکہ اس سے قبل ’اعتمرنا‘ ایپ سے 81 ملین سے زائد افراد مستفید ہوچکے ہیں۔ عمرہ اور نماز کے اجازت نامے کے لیے اس ایپ سے رواں سال 2022 کے دوران 27 ملین پرمٹ جاری کیے گئے۔
تبصرے 1