کویت اردو نیوز 19 دسمبر: کویت کی وزارت داخلہ ایک ایسے شخص کو گرفتار کرنے میں کامیاب رہی جو ایک ویڈیو پر نظر آیا۔ یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر گردش کر رہا تھی۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک غیرملکی شخص کویت کے علاقے صباح الاحمد کے علاقے میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے ایک مسجد کے سامنے کھڑی گاڑیوں کو چرانے کی کوشش کر رہا تھا۔
ویڈیو میں یہ بھی صاف دیکھا جا سکتا ہے کہ گاڑیوں کو چوری کرنے کی کوشش کرنے والے ملزم نے سکیورٹی یونیفارم پہن رکھا ہے اور بار بار موبائل فون اپنے کان کو لگا کر یہی دکھانے کی کوشش کرتا رہا کہ وہ موبائل فون پر کسی کے ساتھ بات کرنے میں مصروف ہے اور یہاں وہاں ٹہل رہا ہے تاکہ کوئی اس پر شک نہ کر سکے۔
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد کویت کے سکیورٹی ادارے فوری حرکت میں آئے اور ویڈیو میں نظر آنے والے شخص کو گرفتار کر لیا۔ تفتیش میں پتہ چلا کہ ملزم ایک عرب تارکین وطن ہے جو کسی
سیکیورٹی کمپنی میں سیکیورٹی گارڈ کے طور پر کام کرتا ہے۔ مزید تفتیش کے دوران ملزم نے مسجد میں نماز ادا کرنے والے نمازیوں کا سامان چوری کرنے کی کوشش کا اعتراف کیا جو وہ اپنی گاڑیوں میں چھوڑ کر مسجد کے اندر نماز ادا کرنے گئے تھے۔ ملزم کے خلاف ضروری اقدامات کیے گئے جس کے بعد اسے کویت سے ڈی پورٹ کر دیا جائے گا تاہم اس غیرملکی چور کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔