کویت اردو نیوز 28 مارچ: کویت کے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اتوار کی صبح سے شروع ہونے والی بارش کی صورتحال سے ملک متاثر ہوا جس کی شدت کم اور درمیانے درجے کے بادلوں کے پھیلاؤ کے ساتھ بتدریج بڑھ رہی ہے۔
محکمہ موسمیات میں موسم کی پیشن گوئی کرنے والے مبصر عبدالعزیز القراوی نے کویت نیوز ایجنسی کو بتایا کہ منگل اور بدھ کی صبح موسم گرم جبکہ رات کے وقت سرد رہے گا تاہم جمعرات کی شام دوبارہ بارش کے امکانات کے ساتھ موسم ٹھنڈا رہنے کی توقع ہے۔
موسم کی عدم استحکام کی وجہ سے، جنرل فائر فورس نے احتیاط کی اپیل کی ہے اور پبلک ریلیشنز اینڈ میڈیا ڈیپارٹمنٹ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مدد کے لیے ضروری ہونے پر ہنگامی فون نمبر 112 پر کال کریں۔
دوسری جانب وزارت داخلہ کے شعبہ تعلقات عامہ اور سیکیورٹی میڈیا نے "بارش کے دوران محفوظ ڈرائیونگ کے عنوان کے تحت متعدد تجاویز فراہم کیں، جس میں روڈ پر گاڑی کھڑی کرنے کی صورت میں وارننگ سگنل کا استعمال کرنے کو کہا گیا ہے جبکہ گاڑی کے پھسلنے سے بچنے کے لیے رفتار کم کرنے پر زور دیا ہے۔ گاڑی چلاتے وقت سڑک کے کناروں پر جہاں پانی جمع ہو ان جگہوں سے دور رہنے اور درمیانی لین استعمال کرنے پر زور دیا گیا ہے۔
دریں اثنا، مقدس مہینے کے چوتھے دن، ملک میں ابر آلود سے جزوی طور پر ابر آلود موسم دیکھا گیا جس میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی، تیز بارش جبکہ بعض اوقات گرج چمک اور گردوغبار کا مشاہدہ کیا گیا۔