کویت اردو نیوز 05 اکتوبر 2023: کل صبح 4 اکتوبر بروز بدھ کویت کے سکستھ رنگ روڈ پر ٹریفک تصادم کے نتیجے میں ایک جوان پاکستانی جاں بحق ہو گیا۔ اس حادثے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے شخص کی بیوی بھی زخمی ہوئی، جسے علاج کے لیے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جنرل فائر فورس کے شعبہ تعلقات عامہ اور میڈیا نے بتایا کہ سینٹرل آپریشنز ڈیپارٹمنٹ کو کل صبح ایک رپورٹ موصول ہوئی جس میں کہا گیا تھا کہ سکستھ رنگ روڈ پر دو گاڑیوں میں تصادم ہوا ہے۔
اطلاع ملنے کے فوراً بعد مشرف فائر اسٹیشن کو حادثے کے مقام پر بھیج دیا گیا۔ انتظامیہ نے مزید کہا کہ فائر فائٹرز کے پہنچنے پر معلوم ہوا کہ دو گاڑیوں کے درمیان تصادم ہوا تھا جس کی وجہ سے ان میں سے ایک گاڑی الٹ گئی تھی، اس کا ڈرائیور جس کی پہچان "محمد نعیم جان” کے نام سے ہوئی جاں بحق جبکہ ساتھ بیٹھی خاتون شدید زخمی ہوئی۔
فائر فائٹرز نے لاش کو برآمد کرنے اور اسے فرانزک افسران کے حوالے کرنے کا کام کیا جبکہ انہوں نے زخمی خاتون کو نکال کر ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشنز کے حوالے کر دیا۔
خیال رہے کہ محمد نعیم جان کا شمار کویت کی ان معروف شخصیات میں ہوتا تھا جو دیار غیر میں رہ کر بھی پاکستان کا نام روشن کرنے اور پاکستان کا جھنڈا بلند کرنے کرنے میں کبھی بھی پیچھے نہیں رہتے تھے۔ ان کا تعلق پاکستان کے شہر پشاور سے تھا تاہم وہ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ بسلسلہ روزگار عرصہ دراز سے کویت میں ہی مقیم تھے۔
کویت میں منعقد ہونے والے کسی بھی پاکستانی ایونٹ میں محمد نعیم جان کسی نہ کسی صورت میں اپنی خدمات پیش کرتے تھے۔ وہ ایک سوشل ایکٹیوسٹ ہونے کے ساتھ ساتھ "کویت اردو نیوز” کے لئے بھی اپنی خدمات سرانجام دے رہے تھے۔
محمد نعیم جان کی وفات نے کویت میں بسنے والے ہر پاکستانی کے علاوہ بھارتی اور دیگر قومیت کو بھی گہرا صدمہ دیا ہے۔ اللہ رب العزت محمد نعیم جان کے درجات بلند جبکہ ان کے اہل خانہ کو اس عظیم صدمے کو برداشت کرنے اور صبر کی توفیق عطاء فرمائے۔ آمین