کویت سٹی 28 جولائی: یکم اگست سے کمرشل پروازوں کے آغاز سے قبل کمیٹی نے حتمی تیاریوں کا جائزہ لیا۔
تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن کے صدر شیخ سلمان صباح سالم الحمود الصباح کی سربراہی میں ہونے والے پانچویں اجلاس میں کویت بین الاقوامی ہوائی اڈے پر کمرشل پروازوں کی بحالی کے لئے سپریم کمیٹی نے گزشتہ روز تبادلہ خیال کیا اور حتمی تیاریوں کا جائزہ بھی لیا۔
سعد العتیبی نے کویت نیوز ایجنسی (KUNA) کو بتایا کہ اس اجلاس میں کویت ہوائی اڈے پر کام کرنے والی تمام متعلقہ سرکاری اور غیر سرکاری ایجنسیوں کے ساتھ رہنما اصولوں کا جائزہ لیا گیا جو کام کرنے والے اداروں کی جانب سے طے اور منظور کئے گئے ہیں۔
العتیبی نے مزید کہا کہ کمیٹی نے عربی اور انگریزی دونوں زبانوں میں مسافروں کے لئے ایک گائیڈ جاری کی ہے جس میں عمومی ہدایات درج ہیں گائیڈ میں ملک سے روانہ ہونے والے اور آنے والے مسافروں کے لئے ہدایات اور تقاضے، سوالات اور استفسارات شامل ہیں جو میڈیا اور سوشل میڈیا پر بھی جاری کئے گئے ہیں۔
یہ خبر بھی پڑھیں: ائیر ٹکٹ واپس کرنے پر 10 دینار کی کٹوتی ہو گی
انہوں نے بتایا کہ انٹرنیٹ پر مسافروں کے لئے (کویت مسافر) کے نام سے ایک نیا پلیٹ فارم شروع کیا گیا ہے تاکہ تمام روانہ ہونے والے اور آنے والے مسافروں کو الیکٹرانک خدمات فراہم کی جاسکیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام مسافروں کو انگریزی اور عربی دونوں زبانوں میں دستیاب ویب سائٹ پر اپنا اندراج کروانا ہوگا۔ ویب سائٹ کا لنک درج ذیل ہے اور مزید ہدایت کے لئے نیچے ایک ویڈیو بھی اپلوڈ کی گئی ہے۔
اس http://www.kuwaitmosafer.com ویب پر موجود ایپلیکیشن کے ذریعہ اندراج کے بعد فلائٹ کی تفصیلات کے بارے میں مطلوبہ ڈیٹا شامل کرنا ہوگا جس کے بعد وہ PCR ۔ٹیسٹ کے لئے اپوائنٹمنٹ بک کرسکتے ہیں
انہوں نے ماسک اور دستانے پہننے، سٹرلائزر کے استعمال اور ایئرپورٹ ٹرمینلز کے اندر سماجی فاصلے کو قائم رکھنے کے حوالے سے صحت کی ضروریات پر زور دیا اور مسافروں سے تعاون کی درخواست کی۔