کویت اردو نیوز : وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ بیرون ملک عازمین حج کو خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں سے اجازت نامے کے حصول کے لیے درخواستوں کی وصولی کا عمل شروع ہو گیا ہے۔
اجازت نامے حاصل کرنے کی خواہشمند کمپنیاں 5 دسمبر تک اپنی درخواستیں جمع کرائیں۔وزارت حج و عمرہ کے تحت کام کرنے والی کمیٹی کے سربراہ عائز الغوینم نے کہا ہے کہ ‘بیرون ملک سے آنے والے عازمین کو بہترین سہولیات فراہم کرنے والے اداروں کو اجازت نامے جاری کیے جائیں گے’۔ اس کے لیے ضوابط اور معیارات مرتب کیے گئے ہیں، جو ان پر پورا اترنے والی کمپنیوں کو جاری کیے جائیں گے۔
اس سے قبل سعودی عرب نے پاکستان کیساتھ سعودی عرب میں حج اور عمرہ زائرین کے انتظامات کے حوالے سے تعاون کے معاہدے کی منظوری دے دی ہے۔
اس معاہدے کی منظوری منگل کو شاہ سلمان کی زیر صدارت سعودی کابینہ کے اجلاس میں دی گئی تھی ، پاکستان کی نگران وفاقی کابینہ نے رواں سال حج پالیسی 2024 کی اصولی منظوری دے دی ہے۔
اس وقت پاکستان سے عازمین حج کا کوٹہ 1 لاکھ 79 ہزار 210 مقرر کیا گیا ہے ، جس میں سے 50 فیصد سرکاری سکیم کے تحت اور باقی پرائیویٹ سکیموں کے تحت حج ادا کریں گے۔