کویت اردو نیوز : ناسا نے حالیہ بارشوں کے دوران دبئی، ابوظہبی ، یو اے ای کے دیگر شہروں کی فضائی تصاویر جاری کی ہیں۔ ان تصاویر میں کئی علاقے پانی میں ڈوبے ہوئے دیکھے جا سکتے ہیں۔
ایک بیان میں ناسا نے کہا کہ جب لینڈ سیٹ 9 سیٹلائٹ 19 اپریل کو اس خطے کے اوپر سے گزرا تو بہت سے علاقے زیر آب تھے۔ تصاویر میں دبئی اور ابوظہبی کے علاوہ جبل علی کا علاقہ بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
ناسا کا کہنا ہے کہ دھیرے دھیرے چلنے والے طوفان نے متحدہ عرب امارات کی تمام ریاستوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور کچھ شہروں میں چند گھنٹوں میں ایک سال کی بارش ہوئی۔
فضائی تصاویر میں پانی کو نیلے رنگ میں دکھایا گیا ہے۔ ان تصاویر میں جبل علی کا صنعتی علاقہ بھی دیکھا جا سکتا ہے جو بندر گاہ کے جنوب میں واقع ہے۔ ناسا کا لینڈ سیٹ 9 سیٹلائٹ انسانی ترقی کے لیے مزید جامع منصوبہ بندی کیلیے دنیا بھر میں زمینی وسائل کی نگرانی کا ذمہ دار ہے۔