کویت اردو نیوز 09 نومبر: چندہ جمع نہ کریں وزارت برائے سماجی امور نے سخت تنبیہ دے دی۔
تفصیلات کے مطابق روزنامہ القبس نے وزارت کے سرکاری ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ وزارت سماجی امور نے اسلامی کمپنیوں اور سوسائٹیز کی طرف سے انسانیت یا مذہبی لبادے میں فنڈ اکٹھا کرنے والی مہموں کے بارے میں انتباہ کیا ہے اور اسکی سختی سے ممانعت کی ہے۔ذرائع نے روزنامہ کو بتایا کہ وزارت کو حال ہی میں ایسی کمپنیوں کے بارے میں شکایات موصول ہوئی ہیں جو حولی اور فروانیہ میں موجود ہیں اور شہریوں اور تارکینِ وطن سے مذہب کے نام پر چندہ اکھٹا کررہی ہیں۔
ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ وزارت ان کمپنیوں کی نگرانی کے لئے متعلقہ حکام کے ساتھ ہم آہنگی کر رہی ہے جو خیراتی سوسائٹیز یا مقامی فاؤنڈیشنز سے وابستہ نہیں ہیں اور چندا جمع کررہے ہیں تاہم وزارت جلد ہی انکی شناخت کرلے گی۔ اس واقعے کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی کہ چندہ جمع کرنے والے انٹرنیٹ نمبر یا بیرونی نمبر سے مقامی نمبر پر کال کرتے ہیں تاکہ جانچ کے عمل کو مشکل بنایا جاسکے اور کوئی ثبوت ہاتھ نہ آئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیریٹیبل سوسائٹی انتظامیہ کی معائنہ کرنے والی ٹیموں نے خیراتی اداروں میں الیکٹرانک فنڈ ریزنگ میکانزم کے ساتھ سخت تعمیل کو یقینی بنانے کے علاوہ چندے کے بارے میں شکایات کے جواب میں اپنی کوششیں تیز کردی ہیں۔
ذرائع نے مزید کہا کہ خیراتی اداروں، کمپنیوں یا افراد کے خلاف قانونی اقدامات اٹھائے جائیں گے اور انہیں عوامی استغاثہ کے حوالے کیا جائے گا۔