السلام علیکم و رحمۃ اللہ وبرکاتہ تمام پڑھنے والوں کو جمعہ مبارک، دعا ہے کہ اللہ تعالی آپ سب کی تمام عبادتیں قبول فرمائیں اور دلی نیک جائز خواہشات پوری فرمائیں۔
قارئین حضرات یوں تو جمعہ والے دن ہم بہت سارے کام کرتے ہیں جس سے ہم اپنے رب کو راضی کر سکیں لیکن آج میں آپ کو کچھ ایسے اعمال بتاؤں گا جس کو اگر ہم کرلیں تو اللہ پاک سے امید ہے کہ اس پر ہم کو بہت بڑا اجر ملے گا، اللہ پاک ہم سے خوش بھی ہو جائے گا اور ہماری دنیا و آخرت بھی سنور جائےگی۔
سب پہلے تو ہم کو یہ بات معلوم کرلینی چاہیے کہ اس دن کی فضیلت کیا ہے۔ اس دن کی فضیلت اتنی بڑی ہے کہ اس دن کا ذکر اللہ پاک نے قرآن پاک میں فرمایا ہے
( يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا إِذَا نُودِيَ لِلصَّلَاةِ مِن يَوْمِ الْجُمُعَةِ فَاسْعَوْا إِلَىٰ ذِكْرِ اللَّهِ وَذَرُوا الْبَيْعَ ۚ ذَٰلِكُمْ خَيْرٌ لَّكُمْ إِن كُنتُمْ تَعْلَمُونَ) "کہ جب جمعہ کے دن جمعہ کی نماز کے لئے تم کو بلایا جائے تو بس اللہ کے ذکر کی طرف دوڑ پڑو اور باقی سارے دنیاوی کام چھوڑ دو یہ تو تمہارے لئے بہت بہتر ہے”
تو دیکھیں اللہ پاک کو یہ دن کتنا محبوب ہے کہ رزق حلال کمانا جو کہ خود ایک عبادت ہے اس کو بھی ترک کرنے کا حکم دے دیا کہ بس اب صرف اپنے رب کو یاد کرو کیونکہ یہ ایک خاص دن ہے جس کی بڑی قدر ہے۔ اسی طرح اس دن کی ایک فضیلت یہ ہے کہ اس دن میں اللہ پاک نے ایک ایسی گھڑی چھپا کر رکھی ہے جس میں اللہ پاک سے جو دعا کی جائے تو اللہ پاک اس کو لازمی قبول کرتاہے۔ حدیث شریف میں ہے کہ
فیہ ساعۃ مستاجابۃ او کما قال علیہ السلام،
اس لئے ہم سب قارئین حضرات سے گزارش کرتے ہے کہ اس دن سب سے زیادہ دعائیں مانگی جائیں، زیادہ سے زیادہ استغفار کیا جائے،کیونکہ استغفار ایک ایسا عمل ہے جو اللہ پاک کو بہت زیادہ پسند ہے۔ قرآن پاک میں اللہ پاک استغفار کی فضیلت بیان کرتے ہوئے فرماتا کہ
( فَقُلْتُ اسْتَغْفِرُوا رَبَّكُمْ إِنَّهُ كَانَ غَفَّارًا يُرْسِلِ السَّمَاءَ عَلَيْكُم مِّدْرَارًا وَيُمْدِدْكُم بِأَمْوَالٍ وَبَنِينَ وَيَجْعَل لَّكُمْ جَنَّاتٍ وَيَجْعَل لَّكُمْ أَنْهَارًا )
کہ تم اپنے رب سے استغفار کرتے رہا کرو اس لئے کہ وہ بڑا معاف کرنے والا ہے اس استغفار کی وجہ سے وہ تم پر خوب بارش برسائے گا، تمہارے اموال و اولاد میں خوب برکت دےگا اور تمہارے لئے باغات اور نہریں بنائےگا۔
اس لئے ہم کو اس دن زیادہ سے زیادہ دعائیں اور استغفار کرنا چاہیے کیا پتہ کہ کب ہماری دعا اور استغفار قبول ہوجائے اور ہماری دنیا و آخرت سنور جائے۔ اس طرح ایک حدیث شریف میں آتا ہے کہ جمعہ والا دن مجھ پر زیادہ سے زیادہ درود بھیجا کرو کیوں کہ فرشتے مجھ پر اس کو تمہارے ناموں کے ساتھ پیش کرتا ہے۔ کیا ہی کہنے کہ جب فرشتے ہمارا درود لیکر جائیں اور ہمارے نبی صلی علیہ وسلم کو پیش فرمائیں کہ آپ کے فلاں امتی نے آپ کو دورد کا تحفہ پیش کیا ہے،سبحان اللہ، اسی لئے اس دن نماز عصر کے بعد کے عمل کے بارے میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جو مجھ پر اس درود (’’أللّٰهم صل علٰی محمد النبي الأمي وعلٰی أٰله وسلم تسلیماً‘‘) کو اسی (80) مرتبہ پڑھے گا اس کے 80 سال کے گناہ معاف ہو جائینگے۔ اسی طرح اس دن سورہ کہف کی تلاوت کرنے کی بہت بڑی فضیلت آئی ہے (رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا :
جس نے جمعہ کے دن سورۃ الکھف پڑھی اس کے قدموں کے نیچے سے لے کر آسمان تک نور پیدا ہوتا ہے جو قیامت کے دن اس کے لیے روشن ہوگا اور ان دو جمعوں کے درمیان والے گناہ معاف کر دیئے جاتے ہیں)
دوستوں یہ کچھ اعمال ہیں جس کو اگر ہم کرلیں تو یقینا ہماری دنیا و آخرت سنور جائیگی اورہم پریشانیوں سے مکمل چھٹکارا پا لینگے اور اب جمعے والے دن کی سنتیں آپ کو بتاتا چلوں جو ہمیں جمعہ والے دن لازمی کرنی چاہئے اور ایک سنت پر عمل کرنے سے سو (100) شہیدوں کا ثواب ملتا ہے تو اگر ہم یہ سنتیں ہر جمعہ کو کیا کریں تو ہم کو یقینا اس کے بقدر شہیدوں کا ثواب ملے گا۔
- غسل کرنا
- مسواک کرنا
- خوشبو لگانا
- تیل لگانا
- صاف لباس پہننا
- جمعہ کے نماز کے لئے پیدل چلنا
- جامع مسجد میں جلدی پہنچنا
- امام کے قریب بیٹھنا
- جمعہ کا خطبہ خاموشی سے سننا
- کثرت سے درود پڑھنا
- نماز جمعہ کے بعد کھانا کھانا اور قیلولہ کرنا
اللہ پاک سے دعا ہے کہ اللہ پاک ہم کو اس پر عمل کرنے توفیق فرمائے آمین