کویت اردو نیوز 23 جنوری: کویت سول ایوی ایشن نے کویت بین الاقوامی ہوائی اڈے پر کام کرنے والی تمام ائیر لائنز کو ہدایت نامہ جاری کیا جس میں ائیر لائنز کو ہدایت کی گئی کہ کویت بین الاقوامی ہوائی اڈے پر آنے والی تمام پروازوں میں مسافروں کی تعداد کو محدود کردیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن نے بتایا ہے کہ وزارت صحت کے ذریعہ جاری کردہ آپریشنل تقاضوں کی بنیاد پر کویت بین الاقوامی ہوائی اڈے پر آنے والی پروازوں میں مسافروں کی گنجائش میں ردوبدل کیا جائے گا جس کے تحت ہر پرواز پر صرف 35 مسافر ہی سوار ہوں گے تاہم سول ایوی ایشن نے یہ واضح کیا کہ یہ ردوبدل وقتی طور پر ہوگا اور اسکا اطلاق اتوار 24 جنوری سے 6 فروری تک ہوگا۔ بہرحال کویت سے روانہ ہونے والی تمام پروازوں کی آپریشنل صلاحیت میں کوئی ردوبدل نہیں کیا جائے گا۔
دوسری جانب سول ایوی ایشن کے اس فیصلے کے پیش نظر قومی ائیرلائن کویت ائیر ویز نے بھی اعلان کیا کہ محکمہ صحت کے حکام اور ڈائریکٹریٹ جنرل سول ایوی ایشن (ڈی جی سی اے) کی ہدایت پر کویت ایئرویز 24 جنوری سے 6 فروری تک کویت آنے والی پروازوں میں مسافروں کی تعداد کو کم کردے گا۔
کویت ایئرویز نے یہ اعلان اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر کیا اور نشاندہی کی کہ گھریلو ملازمین اور ٹرانزٹ مسافروں کو اس فیصلے سے خارج کردیا گیا ہے۔