کویت اردو نیوز 23 فروری: سفیر پاکستان جناب سید سجاد حیدر کی جانب سے کویت کے قومی دنوں کے موقع پر امیر الکویت کو مبارکباد پیش کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق کویت میں تعینات پاکستانی سفیر سید سجاد حیدر نے امیر الکویت شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح کو ایک پیغام میں آنے والے کویت کے قومی دنوں کے موقع پر مبارکباد پیش کی اور برادر ملک کی عوام کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
پاکستانی سفیر سید سجاد حیدر نے اپنے پیغام میں قومی دن کے موقع یر اپنی خوشی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے دونوں برادر ممالک کے درمیان موجود منفرد اور مضبوط تعلقات کے ہمیشہ قائم رہنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ پاکستانی سفیر نے دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کے مستقبل میں مزید مستحکم ہونے کی خواہش بھی ظاہر کی۔
قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں پاکستانی سفیر نے امیر الکویت شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح کی زیر قیادت زندگی کے تمام شعبوں میں کویت کی ترقی اور کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان کی جانب سے مستقبل میں کویت سے بھرپور تعاون کرنے اور ہر ایک قدم پر اپنے برادر ملک کی حمایت کرنے کی یقین دہانی کا وعدہ کیا۔ سید سجاد حیدر نے اپنے پیغام میں کویت کے قومی دنوں کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے برادر ملک کی سلامتی اور استحکام کے لئے دعا بھی کی۔