کویت اردو نیوز 05 جون: کویت، پاکستان دو طرفہ تعلقات کی مضبوطی اور چین پاکستان اقتصادی راہداری CPEC کی اہمیث پر مبنی آن لائن ویبینار کا انعقاد کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ایشین انسٹی ٹیوٹ آف ایکو سولائزیشن ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ (AIRD) نے پاکستان، کویت دوطرفہ تعلقات اور چین پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) کی بریف ہسٹری پر مبنی خصوصی ویبینار کا انعقاد کیا۔ ایشین انسٹی ٹیوٹ آف ایکو سولائزیشن ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کی جانب سے منعقد آن لائن سیمینار 3 جون کو نشر کیا گیا جس میں پاکستان، کویت کے مابین دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی کو اجاگر کیا گیا اور خصوصی اہميت کے حامل منصوبے CPEC میں سرمایہ کاری کی اہمیت پر بریف رپورٹ نشر کی گئی جبکہ دو ممالک اور دیگر علاقائی ممالک کو CPEC کے تحت مختلف خصوصی اقتصادی زون (SEZ) میں سرمایہ کاری کرنے کے لئے مواقعوں کی اہمیت سے بھی آگاہ کیا گیا۔
ریاست کویت میں پاکستان کے سفیر جناب سید سجاد حیدر جبکہ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں کویت کے سفیر جناب نصار عبدالرحمن المطیری اور پاکستان کی وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل مدثر ٹیپو ویبینار کے کلیدی صدر تھے۔
دونوں ممالک کے سفیروں نے 1961 میں کویت کی آزادی کے بعد سے دونوں ممالک کے مابین موجود تاریخی تعلقات کے خدوخال پر روشنی ڈالی۔ پاکستانی شہریوں کو ویزے کی بحالی سے متعلق کویت کی قیادت کی حالیہ پیشرفتوں کے سلسلے میں سفیر پاکستان سید سجاد حیدر نے کویت کے تعاون اور کاوشوں کی حمایت کی۔ 1990 کی دہائی کے دوران اور موجودہ کورونا بحران میں پاکستان کی جانب سے صحت کے پیشے میں تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے ذریعہ ممکنہ غور کے مختلف شعبوں پر روشنی ڈالی۔ سفیر کویت برائے اسلامی جمہوریہ پاکستان نصار المطیری نے دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور آئندہ بھی تعاون کا وعدہ کیا۔
چیئرمین CPEC اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر)عاصم باجوہ نے علاقائی رابطوں میں CPEC کی اہمیت کو اجاگر کیا اور علاقائی ممالک کو فراہم کردہ مختلف فوائد پر روشنی ڈالی۔ اس بات پر زور دیا گیا کہ پاکستان غیرملکی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کار دوست ماحول فراہم کرتا ہے اور کویتی کاروباری حضرات CPEC کے تحت اقتصادی زون سے متعدد فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔