کویت اردو نیوز 24 اکتوبر: کویت کی وزارت اوقاف اور اسلامی امور نے اعلان کیا ہے کہ سورج گرہن کی نماز مختلف گورنریٹس کی 90 مساجد میں کل بروز منگل دوپہر ٹھیک 1:30 بجے ادا کی جائے گی۔
آج وزارت اوقاف اور اسلامی امور نے ائمہ اور مبلغین سے کل دوپہر کو سورج گرہن کی نماز منعقد کرنے کے لیے کہا گیا ہے۔ وزارت نے ایک پریس بیان میں کہا ہے کہ وزارت کے اسسٹنٹ انڈر سیکرٹری برائے مساجد امور بدر العتیبی کے جاری کردہ ایک انتظامی سرکلر میں ملک کے تمام گورنریٹس میں مساجد کو دوپہر 1:30 بجے سورج گرہن کی نماز ادا کرنے کے لیے مخصوص کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ کل 25 اکتوبر بروز منگل کویت میں سورج گرہن ہو گا جو دوپہر 1:20 پر شروع ہوگا اور اس کا عروج دوپہر 2 بجکر 35 منٹ پر ہوگا جبکہ یہ گرہن 3 بجکر 44 منٹ پر ختم ہوگا اس طرح اسے مکمل نہیں بلکہ جزوی گرہن کہا جائے گا۔ کویتی ماہر فلکیات عادل السعدون نے ان اوقات میں سورج کو براہ راست کھلی آنکھ سے دیکھنے کے لئے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ
یہ آنکھ کے ریٹینا کی تباہی اور بالائے بنفشی شعاعوں کی وجہ سے مکمل یا جزوی اندھا پن کا باعث بن سکتا ہے۔ ماہر فلکیات عادل السعدون نے ایک مقامی عربی روزنامے کو بتایا کہ سورج کا یہ جزوی گرہن یورپ میں شروع ہو گا جو کہ شمالی افریقہ اور عرب ممالک سے ہوتا ہوا مشرق میں قازقستان، پاکستان اور ہندوستان کے کچھ حصوں کی طرف بڑھے گا اور ازبکستان میں ختم ہو گا۔ کویت میں سورج کی ڈسک 43 فیصد غائب ہو جائے گی۔
دوسری جانب کویت کی وزارت تعلیم نے ملک میں لگنے والے سورج گرہن کے پیش نظر تمام سرکاری و نجی اسکولوں میں طلباء کے لئے چھٹی کا اعلان کیا ہے۔