کویت اردو نیوز 28 جولائی: غیرملکیوں کے ملک میں داخلے سے قبل ڈائریکٹوریٹ جنرل سول ایوی ایشن DGCA نے تمام ائیرلائنز کو ہدایت نامہ جاری کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ریاست کویت میں وزراء کونسل اور صحت کے حکام کے فیصلے کی بنیاد پر ڈائریکٹوریٹ جنرل سول ایوی ایشن DGCA نے کویتی شہریوں اور غیرملکیوں کے لئے کویت کے سفر سے متعلق ایئر لائنز کو مندرجہ ذیل اہم رہنما خطوط جاری کردیئے جس میں کویت روانگی سے لے کر داخلے تک تمام ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
کویتی شہریوں کے لئے ریاست کویت سے روانگی:
غیرویکسین شدہ کویتی شہریوں کو ریاست سے باہر کسی بھی سفر کی اجازت نہیں ہے سوائے ان شہریوں کے جو ریاست کویت کے ذریعہ منظور شدہ ویکسین وصول کرچکے ہیں اور (IMMUNE / KUWAIT MOBILE ID) ایپلی کیشن میں سبز رنگ کا سرٹیفکیٹ موجود ہو تاہم مندرجہ ذیل زمروں کو اس شرط سے استثنیٰ حاصل ہے۔
- مخصوص عمر کے افراد جو ویکسین وصول نہیں کرسکتے۔
- وزارت صحت سے منظور شدہ سرٹیفکیٹ کے حامل افراد جو صحت کی وجوہات کی بناء پر ویکسین وصول کرنے سے قاصر ہیں۔
- حاملہ خواتین جن کے پاس وزارت صحت کے ذریعہ جاری کردہ اور منظور شدہ حمل کا سرٹیفکیٹ ہو اور وہ ویکسین لینے سے قاصر ہوں۔
- شہریوں کو ملک سے باہر رہائش کے دوران صحت انشورنس لازمی کروانا ہوگا جس میں کورونا وائرس سے ہونے والے انفیکشن کے علاج کا احاطہ کیا جائے گا۔
کویتی شہریوں کی ریاست کویت میں آمد:
کویت ہوائی اڈے پر صرف ان مسافروں کو قبول کیا جائے گا جن کے پاس منفی (PCR) ٹیسٹ سرٹیفکیٹ ہوگا جو مسافر کے کورونا وائرس انفیکشن سے پاک ہونے کا ثبوت ہے۔ PCR ٹیسٹ کویت آمد سے 72 گھنٹے قبل کا ہو اس کے علاوہ مسافر کو کھانسی، نزلہ اور بخار جیسی کوئی علامت ظاہر نہ ہو۔
غیرملکیوں کے لئے ملک آمد کی شرائط:
- ریاست کویت میں منظور شدہ ویکسین وصول کی ہو اور (Immune / Kuwait Mobile ID) ایپلی کیشن میں سبز رنگ کے سرٹیفکیٹ کے حصول کے بعد (Shlonik) ایپلی کیشن اور (Kuwait Mosafer) پلیٹ فارم میں اندراج مکمل کرنا ضروری ہے۔
- تمام ویکسین شدہ مسافر کویت آمد کی تاریخ سے اگلے ایک ہفتے تک گھریلو قرنطین کے پابند ہوں گے تاہم اگر وہ گھریلو قرنطین کو ختم کرنا چاہتے ہیں تو قرنطین مدت کے دوران ایک (PCR) ٹیسٹ کرواسکتے ہیں اور اس ٹیسٹ کے لئے انہیں فیس کی ادائیگی کرنا ہوگی۔ اگر PCR ٹیسٹ کا نتیجہ منفی آجاتا ہے تو قرنطین فوری ختم ہوجائے گا۔
- کویت سے باہر ویکسین لینے والے ملک میں واپسی کے لئے صرف ریاست میں منظور شدہ ویکسین ہی وصول کرسکتے ہے تاہم غیرملکی مسافروں کو وزارت صحت کی ویب سائٹ پر اپنا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ اپلوڈ کرنا ہو گا کیونکہ بورڈنگ سے پہلے ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کی الیکٹرانک طور پر منظوری لازم ہے اور الیکٹرانک تصدیق کے لئے (کیو آر کوڈ) جاری کیا جائے گا۔ کورونا سرٹیفکیٹ کی منظوری کے بعد (شلوونک) ایپلی کیشن اور (کویت مسافر) پلیٹ فارم میں مکمل رجسٹریشن ہوگی اور ریاست کویت پہنچنے کی تاریخ سے اگلے ایک ہفتہ تک گھر کا قرنطین لازم ہوگا۔
- ریاست کویت میں منظور شدہ ویکسین اور (Immune / Kuwait Mobile ID) ایپلی کیشن میں سبز رنگ ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے لئے درکار خوراکوں کی تعداد درج ذیل ہے:
- فائزر بائیونٹیک (دو خوراکیں)
- آسٹرازینیکا ز / آکسفورڈ ویکسین (دو خوراکیں)
- موڈرنا ویکسین (دو خوراکیں)
- جانسن اینڈ جانسن ویکسین (ایک خوراک)
وہ زمرے جو ادارہ جاتی قرنطین سے مستثنیٰ ہیں درج ذیل ہیں:
- سفارتی مشن اور منظور شدہ سفارتکار اور ان کے فرسٹ ڈگری رشتہ دار (شوہر بیوی بچے) خواہ انفرادی طور پر ہوں یا اجتماعی طور پر اور ان کے ہمراہ گھریلو ملازمین (بشرطیکہ ان کے شناختی کارڈ پیش کیے جائیں)۔
- کویتی مریض جن کا علاج بیرون ملک ہوا ہو بشرطیکہ بیرونِ ملک صحت کے دفتر سے علاج ہونے کا سرٹیفکیٹ ثبوت کے طور پر جاری کیا گیا ہو اور ان کے پاس موجود ہو۔
- سرکاری اور نجی طبی عملہ اور ان کے فرسٹ ڈگری رشتہ دار (شوہر بیوی یا بچے) انفرادی طور پر یا اجتماعی طور پر اور ان کے ساتھ گھریلو ملازمین ( شناختی کارڈ ثبوت کے طور پر فراہم کرنا ضروری ہے)۔
- نابالغ بچے جنہوں نے بغیر کسی بالغ کے سفر کیا ہو۔
یاد رہے کہ 26 جولائی 2021 کو کویت وزراء کونسل کے فیصلے کے مطابق یکم اگست سے صرف دو ممالک مراکش اور مالدیپ کے لئے براہ راست پروازیں بحال کی گئیں ہیں۔ دوسری جانب دیگر ممالک کی پروازوں کے بارے میں فی الحال واضح طور پر کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا جس سے یہ ثابت ہو کہ تمام ممالک کے غیرملکیوں کو کویت میں داخلے کی اجازت ہے تاہم اس بات کا خلاصہ آنے والے چند دنوں میں ہو جائے گا۔ مندرجہ بالا سرکلر کسی بھی پچھلے سرکلر کے تضاد کو خارج کردے گا۔ اس سرکلر کو اتوار یکم اگست 2021 کو کویت کے مقامی وقت رات 12بجکر 01 منٹ پر نافذ کیا جائے گا۔