کویت اردو نیوز 02 ستمبر: مسافروں کے نئے مقررہ کوٹے کے مطابق بھارت سے پہلی پرواز آج کویت پہنچ گئی۔
تفصیلات کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان ائیر ببل معاہدے کے ایک حصے کے طور پر آج صبح بھارت سے پہلی پرواز جنوبی بھارتی شہر کوچی (کیرلا) سے کویت پہنچی۔ الجزیرہ ایئرویز نے ٹائمز کویت کو تصدیق کی کہ 174 مسافروں کو لے کر پرواز آج صبح تقریبا 6 بجے کویت ائیرپورٹ پر اتری اور تقریبا 18 ماہ بعد باقاعدہ مسافر کویت آئے۔ کویت کی کابینہ نے پیر کو روزانہ آمد کا کوٹہ 10 ہزار تک بڑھا کر 6 ممنوعہ ممالک سے پروازوں کو دوبارہ شروع کرنے کی راہ ہموار کر دی ہے تاہم
مسافروں کو آسٹرازنیکا ، موڈرنا ، فائزر اور جانسن اینڈ جانسن جیسی منظور شدہ ویکسین لینے کے بعد ہی ملک میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی۔ اس سے قبل ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن نے بھارت سے روزانہ 790 مسافروں کا کوٹہ مقرر کیا تھا تاہم بعد میں 768 مسافروں تک کوٹہ مقرر کیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق ہندوستان سے آنے والوں کے لیے کوٹہ 5378 فی ہفتہ مقرر کیا گیا ہے جو تقریبا 768 یومیہ کے برابر ہے جو کہ کویتی اور ہندوستانی کیریئرز کے درمیان تقسیم کیا گیا ہے۔ طلب کی وجہ سے ٹکٹوں کے قیمتوں میں اضافہ ہو گیا ہے اور کچھ مقامات کے لیے قیمتیں ایک طرفہ کرایوں کے لیے پچھلی شرح سے تقریبا 10 گنا تک بڑھ گئی ہیں۔ ون وے ٹکٹوں کی قیمتیں 500 سے 1،000 کویتی دینار کے درمیان بتائی جا رہی ہیں لیکن توقع کی جارہی ہے کہ آنے والے چند ہفتوں میں پروازوں کی تعداد میں اضافہ ہونے کے ساتھ ہی موجودہ قیمتوں میں کمی آئے گی۔
ہندوستانی کیریئرز نے ابھی تک اپنے کرایوں اور فلائٹ شیڈول کا اعلان نہیں کیا ہے لیکن ایئر لائن انڈسٹری کے معتبر ذرائع نے توقع کی ہے کہ ان کا اعلان جلد ہی سامنے آئے گا۔ ایک اندازے کے مطابق بھارت سے کویت کے لیے تقریبا 18 ماہ تک براہ راست پروازیں معطل ہونے کے بعد 50،000 سے زیادہ ہندوستانیوں کی واپسی متوقع ہے۔