کویت اردو نیوز 20 جون: کویت کی وزارت صحت کے تحت کویت کے مختلف سرکاری ہسپتالوں میں فرائض کی انجام دہی کے لیے بنگلہ دیش سے 50 نرسوں کا پہلا بیج اتوار کو کویت پہنچا۔ کویت میں بنگلہ دیش کے سفیر میجر جنرل محمد عاشق الزمان نے
سفارتخانے کے افسران اور متعلقہ کمپنیوں کے افسران کے ہمراہ کویت انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر نئی تعینات ہونے والی نرسوں کا پھولوں سے استقبال کیا اور انہیں کویت میں خدمات انجام دینے کے لیے پہلے بیج کے طور پر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ عاشق الزمان نے اپنے بیان میں کہا کہ ’’آج کا دن کویت میں بنگلہ دیش کی افرادی قوت کی مارکیٹ کی تاریخ کا ایک اہم دن ہے۔ کویت میں بنگلہ دیش کے سفیر کے طور پر میری شمولیت کے بعد سے سفارت خانہ کویتی وزارتوں کے اعلیٰ عہدے داروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے جبکہ کویت کی لیبر مارکیٹ میں بنگلہ دیشی ہنر مند افرادی قوت کو بڑھانے اور
بنگلہ دیش سے افرادی قوت لانے میں شامل سرکردہ کمپنیوں کے ساتھ باقاعدہ رابطے میں ہے۔ کویت کی وزارت صحت کی منظوری کے بعد سٹی گروپ جنرل ٹریڈنگ کمپنی اور کویت کی ایڈوانسڈ ٹیکنالوجی کمپنی نے دسمبر 2021 کو بنگلہ دیش اوورسیز ایمپلائمنٹ اینڈ سروسز لمیٹڈ کے ذریعے 998 نرسوں کی بھرتی کے لیے سفارت خانے کو ڈیمانڈ لیٹر جمع کرائے تھی جسے
کویت میں بنگلہ دیش کے سفارت خانے کے ذریعے تصدیق کے بعد مزید منظوری کے لیے بنگلہ دیش کی وزارت برائے اوورسیز بہبود اور اوورسیز ایمپلائمنٹ کو بھیجا گیا تھا۔ اسی مناسبت سے جنوری 2022 میں وزارت صحت، کویت اور متعلقہ کمپنی کے نمائندوں پر مشتمل ایک سلیکشن کمیٹی نے دونوں کمپنیوں کے لیے نرسوں کی بھرتی کے لیے بنگلہ دیش کا دورہ کیا اور کل 654 نرسوں کی تعداد کو حتمی شکل دی۔ وزارت برائے اوورسیز بہبود اور بنگلہ دیش اوورسیز ایمپلائمنٹ اینڈ سروسز لمیٹڈ کے ایک وفد نے 06 سے 12 مئی 2022 کو کویت کا دورہ کیا تاکہ بنگلہ دیش سے نرسوں کی رہائش سمیت تمام سہولیات کی نگرانی کی جائے اور نئی لیبر مارکیٹ کی تلاش کی جا سکے۔
بنگلہ دیش کے سفیر نے یہ بھی بتایا کہ حتمی طور پر منتخب نرسوں میں سے 299 نرسوں کے حق میں ویزے پہلے ہی جاری کیے جا چکے ہیں۔ ان میں پہلے بیج کی 50 نرسیں پہلی بار سرکاری طور پر بنا کسی خرچے کے کویت پہنچی ہیں۔ توقع ہے کہ ویزہ والی باقی نرسیں جون 2022 تک کام میں شامل ہو جائیں گی اور توقع ہے کہ بقیہ منتخب نرسیں بنگلہ دیش سے روانگی کے عمل کی تکمیل کے بعد جلد ہی کویت میں اپنے کام کی جگہوں پر شامل ہو جائیں گی۔
اپنے خطاب میں سفیر نے کہا کہ کویت مشرق وسطیٰ کے خطے کے اہم ممالک میں سے ایک ہے۔ یہاں ہنرمند افرادی قوت کی برآمد کے بے پناہ امکانات ہیں۔ کویت میں بنگلہ دیش کے سفارت خانے کا مقصد بنگلہ دیش سے کویت کو ہنر مند افرادی قوت کی برآمد میں اضافہ کرنا ہے۔ سفیر نے امید ظاہر کی کہ نرسوں کے ذریعے بنگلہ دیشی ہنر مند افرادی قوت کی کویت کو برآمد کا آغاز بتدریج کویت میں مختلف شعبوں میں ہنر مند افرادی قوت کی راہ ہموار کرے گا جس کے نتیجے میں بنگلہ دیش اور کویت کے باہمی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
بنگلہ دیش کے سفیر نے کویت کی متعلقہ وزارتوں اور بنگلہ دیش میں کویت کے سفارتخانے اور متعلقہ کمپنیوں کا کویت میں بنگلہ دیشی ہنر مند افرادی قوت کو بھرتی کرنے پر بھی شکریہ ادا کیا۔ سفیر نے کویت میں نرسوں کی بھرتی کے عمل کو تیز کرنے میں مدد کرنے پر بنگلہ دیش کی وزارت صحت، وزارت برائے اوورسیز بہبود اور اوورسیز ایمپلائمنٹ، وزارت خارجہ اور بنگلہ دیش اوورسیز ایمپلائمنٹ اینڈ سروسز لمیٹڈ کا بھی شکریہ ادا کیا۔