کویت اردو نیوز 06 اکتوبر: شیخ احمد نواف الصباح کو دوبارہ کویت کا وزیراعظم مقرر کر دیا گیا ہے۔ شیخ احمد نواف الصباح امیر کویت کے صاحبزادے ہیں۔ انہیں بدھ کے روز ولی عہد نے دوبارہ وزیر اعظم مقرر کیا جبکہ نئی کابینہ کی بھی منظوری دے دی گئی ہے۔
کویتی پارلیمنٹ کے انتخاب کی تکمیل حالیہ دنوں میں ہی ہوئی ہے۔ اس سے قبل کویت میں اندرونی سیاسی مسائل کی وجہ سے اصلاحات کا سلسلہ رک گیا تھا۔
بدھ کے روز جاری کیے گئے فرمان کے مطابق حسین اسماعیل کو وزیر تیل مقرر کیا گیا ہے انہوں نے محمد الفارس کی جگہ لی ہے جبکہ عبدالوہااب الرشید کو وزیر خزانہ اور شیخ احمد الناصر الصباح کو وزیر خارجہ کے طور پر ان کے عہدوں پر برقرار رکھا گیا ہے۔کویت میں پارلیمنٹ کے انتخابات 29 ستمبر کو مکمل ہوئے تھے جن میں اپوزیشن نے اکثریت حاصل کر لی تھی۔ ان انتخاب کے بعد ولی عہد شہزادہ شیخ مشعل الحمد الصباح نے پارلیمنٹ کے معاملات میں جاری تعطل کا خاتمہ کیا تاکہ حکومت اور اپوزیشن کے ارکان مل کر کام کریں۔
امریکہ کی اس اہم اتحادی ریاست میں سیاسی جماعتوں پر پابندی ہے مگر دیگر خلیجی ممالک کے مقابلے میں کویتی پارلیمنٹ کو نسبتا زیادہ بااختیار بنایا گیا ہے۔
ولی عہد شہزادہ شیح مشعل احمد الصباح جو کہ امیر کویت کے زیادہ تر امور کو خود دیکھتے ہیں جولائی میں شیخ احمد بن الصباح کو ایک مرتبہ پہلے بھی وزیر اعظم مقرر کر چکے ہیں۔
یہ تقرری جولائی میں اپوزیشن کے بعض ارکان کے دھرنے کے بعد عمل میں لائی گئی تھی۔ شیخ احمد بن الصباح نے وزارت عظمیٰ کا قلمدان شیخ الصباح بن الخالد کی جگہ یہ عہدہ سنبھالا تھا جو اپریل میں مستعفی ہو گئے تھے۔
بعد ازاں ملک سے کرپشن کے خاتمے کے لیے اپوزیشن کے مطالبے پر بعض اداروں کی سطح پر کچھ کام بھی ہوا۔ پارلیمنٹ کے نہ ہونے کی وجہ سے ملکی بجٹ کی اپریل میں ہونے والی منظوری ابھی تک موخر ہے تاہم وزیر خزانہ نے کہا ہے کہ وہ ماہ نومبر سے پہلے بجٹ کی منظور ممکن بنا لیں گے۔
اہم بات ہے کہ نئی کویتی کابینہ میں دو خواتین وزیر بھی شامل کی گئی ہیں۔ اس سے پہلے والی کابینہ میں ایک خاتون وزیر تھی۔ رنا الفارس کو بلدیاتی امور کی وزیر کے طور پر برقرار رکھا گیا ہے جبکہ ھدیٰ الشایجی کو سماجی امور کی وزیر بنایا گیا ہے۔