کویت اردو نیوز، 18اپریل: خیبر پختونخواہ میں کوہستان کے علاقے کومیلا سے ایک چینی شہری کو مبینہ توہین مذہب کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے جس پر مبینہ طور پر اسلام سے متعلق نازیبا کلمات ادا کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔
پولیس نے اس شخص کی شناخت صرف چین سے تعلق رکھنے والے مسٹر تیان کے نام سے کی ہے اور بتایا ہے کہ اسے اتوار کی رات گرفتار کیا گیا۔ اس سے چند گھنٹے قبل حب ڈیم کے منصوبے پر کام کرنے والے سینکڑوں افراد نے اہم شاہراہ کو مظاہرہ کرکے بلاک کردیا اور ریلی نکالی تھی۔
مقامی پولیس چیف نصیر خان نے بتایا کہ پولیس اہلکاروں نے فوری طور پر چینی شہری کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا ہے اور ہم ابھی اس حوالے سے تفتیش کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سڑک کو دوبارہ ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے اور داسو ڈیم پر کام بھی دوبارہ شروع کردیا گیا ہے۔ چینی شہری کے متعلق بتایا گیا ہے کہ وہ داسو ڈیم پروجیکٹ میں ہیوی ٹرانسپورٹ کا انچارج تھا۔