کویت اردو نیوز،14جولائی: سعودی عرب سفارت خانے نے شاہ سلمان انسانی امداد اور ریلیف سینٹر کی جانب سے پاکستان میں سال 2023۔24 کے لیے فوڈ سپورٹ پروگرام کا آغاز کر دیا ہے۔
سعودی عرب سفارت خانے نے شاہ سلمان انسانی امداد اور ریلیف سینٹر کی جانب سے پاکستان میں سال 2023۔24 کے لیے فوڈ سپورٹ پروگرام کا آغاز کر دیا ہے۔
امداد کی تقسیم کی تقریب کا افتتاح اسلام آباد میں سعودی سفارت خانے میں کیا گیا، جس میں پاکستان کے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور طلحہ محمود مہمان خصوصی تھے۔
سعودی سفیر نواف المالکی نے اس موقع پر بتایا کہ پروگرام کے تحت ایک لاکھ پانچ ہزار کھانے کے پیکٹ اور دس ہزار ٹن راشن مستحق افراد میں تقسیم کیا جائے گا۔ پروگرام سے پاکستان کے 40 اضلاع میں ساتھ لاکھ 35 ہزار افراد مستفید ہوں گے۔
سعودی سفیر نے مزید بتایا کہ شاہ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر اس وقت چار براعظموں کے 92 سے زیادہ ممالک کو انسانی اور ترقیاتی امداد کی فراہمی میں مصروف عمل ہے، جس سے دنیا بھر میں لاکھوں افراد مستفید ہو رہے ہیں۔
شاہ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سنٹر نے پاکستان کے تمام صوبوں میں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے تعاون سے چار مرحلوں میں دس ہزار ٹن کے ایک لاکھ پانچ ہزار فوڈ پیکجز کی تقسیم کا آغاز کر دیا ہے۔
سعودی سفارت خانے کے مطابق اس پروجیکٹ سے پاکستان کے چاروں صوبوں کے 40 اضلاع، جس میں سندھ کے 13، بلوچستان کے 10 خیبر پختو نخوا کے 12، گلگت بلتستان کے 3، پنجاب کے 2 اضلاع شامل ہیں، میں خوراک کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔
سفارت خانے سے جاری اعلامیے کے مطابق اس فوڈ پیکج میں تمام تر ضروری اشیائے خرد و نوش شامل ہیں
ایک فوڈ پیک 95 کلو گرام پر مشتمل ہے، جس میں 80 کلو فائن آٹا، پانچ کلو دال چنا ، پانچ لٹر کوکنگ آئل اور پانچ کلو گرام چینی شامل ہیں۔
یہ پروجیکٹ شاہ سلمان ہیومینٹیرین یڈ اینڈ ریلیف سنٹر کے زیر نگرانی ضرورت مند افراد میں شفاف طریقے سے ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔
وزیر مذہبی امور سینیٹر طلحہ محمود نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور پاکستان بھائی چارے کے مضبوط رشتے سے منسلک ہیں۔ سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں ہمیشہ آگے بڑھ کر پاکستان کی امداد کی ہے۔ انہوں نے 2022 میں آنے والے سیلاب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انسانی بنیادوں پر کی گئی سعودی امداد ایک مثال ہے۔