کویت اردو نیوز 04 ستمبر: چھٹی کی جعلی درخواستیں فروخت کرنے پر بھارتی گینگ گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ کے رہائشی امور کی جنرل ایڈمنسٹریشن نے ہندوستانی کمیونٹی کے 3 افراد پر مشتمل ایک گروہ کو گرفتار کیا جو سرکاری کمپنیوں سے تعلق رکھنے والے ایشین اور عرب ملازمین کو طے شدہ رقم کے عوض میڈیکل رخصت دینے میں ماہر تھے۔
تحقیقات کے بعد سرکاری جاسوسوں نے گروہ کے ایک فرد کی شناخت کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور انہوں نے ایک خفیہ مخبر کو بھیجا جس نے اس سے 3 دن کی مدت کے لئے بیماری کی رخصت طلب کی۔ ملزم نے اپنے غیر قانونی ذرائع استعمال کرتے ہوئے ایک ڈاکٹر کی اسٹیمپ کے ساتھ دستخط شدہ میڈیکل رخصت فراہم کردی۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ ملزم نے اپنے دو ساتھیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہیں گرفتار کرلیا گیا ہے اور تفتیشی دفتر کے حوالے کردیا گیا ہے۔ ان سب نے اعتراف کیا کہ انھوں نے احمدی اور فروانیہ گورنریٹ میں صحت کے مراکز کے مختلف محکموں میں ڈاکٹروں کی 14 جعلی مہریں بنائی ہوئی تھیں اور ان کو یہ راستہ دکھانے والا ایک بنگلہ دیشی شہری تھا جو ایک سال سے زیادہ عرصہ قبل ملک چھوڑ کر جاچکا ہے۔
مدعا علیہان نے اعتراف کیا کہ انہوں نے گذشتہ ادوار کے دوران بڑی رقم جمع کی ہے تاہم ان کے اعترافات کو دستاویز کی صورت میں درج کرلیا گیا ہے اور انہیں پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا ہے۔