کویت اردو نیوز ، 23 اکتوبر 2023: سعودی عرب کے علاقے جازان میں شدید بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے دو افراد ہلاک ہوگئے، اس طرح رواں سال ایسے واقعات میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد دو درجن سے زائد ہوگئی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے جنوب مغربی علاقے جازان کے علاقے الادبی میں مسلسل بارشوں نے تباہی مچادی اور روزمرہ زندگی درہم برہم ہوگئی۔
اسی علاقے میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 افراد جاں بحق ہوئے تاہم مقامی حکام نے متاثرین کے بارے میں معلومات فراہم نہیں کیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ بھی کھجور کے ایک کھیت میں آسمانی بجلی گرنے سے آگ لگ گئی تھی اور پورا کھیت جل کر راکھ ہو گیا تھا۔
مقامی میڈیا رپورٹس میں کسی خاص اعداد و شمار کا ذکر نہیں کیا گیا تاہم وزارت صحت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ رواں سال جازان میں آسمانی بجلی گرنے سے درجنوں ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
سعودی عرب میں اس بار مون سون کی غیر معمولی بارشیں ہوئی ہیں۔ اگست کے اوائل میں مکہ مکرمہ میں بارشوں اور طوفان کی وجہ سے اسکول بند کر دیے گئے تھے اور آن لائن تعلیم کا انتظام کیا گیا تھا۔
اگست میں وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں دیکھا گیا کہ آسمانی بجلی کعبہ کے قریب ایک تاریخی عمارت پر کلاک ٹاور سے ٹکرا گئی تاہم خوش قسمتی سے کوئی زخمی نہیں ہوا۔