کویت اردو نیوز: کویت کے نئے امیر شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح نے گزشتہ روز بدھ کو اپنی قوم اور عوام کے لیے ایک "وفادار شہری” ہونے کا عہد کیا اور اس بات پر زور دیا کہ کویت کی ریاست کے بہترین مفاد کے لیے ایگزیکٹو اور قانون ساز حکام کو تعاون کرنا چاہیے۔
"آج میں ریاست کا سربراہ بن گیا ہوں اور میں آپ کے ذریعے کویتی عوام سے عہد کرتا ہوں کہ میں اپنی قوم اور عوام کے لیے ایک وفادار شہری رہوں گے اور قوم کے مفاد و خوشحالی میں، قومی یکجہتی کا خواہشمند رہوں گا۔”
امیر کویت نے ریاست کویت کے 17ویں حکمران کی حیثیت سے آئینی حلف اٹھانے کے بعد پارلیمنٹ سے خطاب میں کہا کہ”یہ ایک بڑی ذمہ داری ہے”۔
امیر کویت نے کہا کہ وہ آئین کی پاسداری اور سب پر قانون کے اطلاق اور بدعنوانی کے خلاف جنگ کے خواہشمند ہیں۔ انہوں نے "اپنی خلیجی اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کے بارے میں اپنی وابستگی کا بھی اظہار کیا”۔ امیر نے کہا کہ ایگزیکٹو اور قانون ساز حکام کی ذمہ داری ہے کہ وہ قوم اور شہریوں کے لیے ایسے فیصلے نہ کریں جو قوم کے لیے نقصان دہ ہوں۔
امیر کویت شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح نے اس دوران مرحوم امیر شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے کویت کی ترقی اور خوشحالی میں کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ مرحوم امیر عاجزی اور عفو و درگزر کی مثال تھے۔ امیر کویت نے شہریوں، تارکین وطن، دوست ممالک کے رہنماؤں اور یہاں تک کہ ان لوگوں کا بھی شکریہ ادا کیا جو اظہار تعزیت کے لیے کویت نہیں آ سکے۔ انہوں نے کہا کہ "ان سب سے میں کہتا ہوں: ہمارے دکھ بانٹنے کے لیے آپ کے جذبات کا شکریہ،”۔