کویت اردو نیوز : بخار سمیت مختلف جسمانی حالتوں کا پتہ لگانے کے لیے کئی جدید آلات متعارف کروائے گئے ہیں لیکن حال ہی میں سائنسدانوں نے ایک ایسی سمارٹ بالی تیار کی ہے جو جسمانی درجہ حرارت سمیت دیگر افعال انجام دینے میں دیگر آلات سے بہتر ہے۔
سب سے اچھی بات یہ ہے کہ آپ اس سمارٹ بالی کواسکی کارکردگی کو متاثر کیے بغیر اپنی پسند کا خوبصورت ڈیزائن دے سکتے ہیں ۔
میڈیا رپورٹس کیمطابق واشنگٹن یونیورسٹی کے محققین نے تھرمل ایئرنگ متعارف کرائی ہے جو کہ اپنی نوعیت کی پہلی سمارٹ بالی ہے جو انسانوں کو درجہ حرارت کی مسلسل نگرانی کرنے کے قابل بناتی ہے۔
6 شرکاء کے ساتھ ایک حالیہ مطالعہ نے یہ ظاہر کیا ہے کہ جلد کے درجہ حرارت کو محسوس کرنے میں اسمارٹ واچ کے مقابلے میں ایک سمارٹ بالی زیادہ موثر ہے۔
مزید برآں، یہ سمارٹ بالی تناؤ، خوراک، ورزش اور ماہواری کی علامات کی نگرانی بھی کر سکتی ہے۔ اس بالی کا سائز عام بالیوں کے برابر ہے اور اس کا وزن ایک چھوٹے کاغذی کلپ کے برابر ہوتاہے۔
اس کی بیٹری لائف بھی حیرت انگیز ہے یعنی بیٹری 28 دن تک فعال رہ سکتی ہے۔ اس میں درجہ حرارت کی پیمائش کرنے کے لیے دو سینسر نصب ہیں، ایک مقناطیسی کلپ کا استعمال کرتے ہوئے کان سے منسلک ہوتا ہے جبکہ دوسرا کمرے کے درجہ حرارت کو جانچنے کے لیے کان سے تقریباً ایک انچ نیچے لٹکتا ہے۔