کویت اردو نیوز 22 جنوری: کویت میں "الازیرق” سردی جنوری کے آخر تک جاری رہے گی: ماہر فلکیات عادل السعدون
کویت کے ماہر فلکیات اور مؤرخ عادل السعدون نے آج کہا کہ (الازیرق) سردی جو عام طور پر 24 جنوری کو آتی ہے اور ماہ کے آخر تک جاری رہتی ہے اپنے طے شدہ شیڈول سے دو دن پہلے آچکی ہے۔ سردی کی اس لہر کا اختتام جنوری کے آخر میں ہو گا۔
السعدون نے ایک بیان میں مزید کہا کہ "الازیرق” نامی اس سردی کی خصوصیت یہ ہے کہ اس موسم میں شدید سردی ہوتی ہے یہ چہروں اور جسم کے اعضاء کو اس قدر متاثر کرتی ہے کہ ناک سردی کی شدت سے سرخ ہو جاتی ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ (الازیرق) کے اختتام پر شدید سردی ختم ہوتی ہے اور یہ فروری تک جاری رہ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال میں کم درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سرد شمال کی مغربی ہوائیں درمیانی رفتار سے چلتی ہیں جبکہ بعض اوقات بحیرہ قزوین پر تیز ہوا کے ارتکاز کی وجہ سے اس کی رفتار میں اضافہ ہوتا ہے جو ان سرد شمال مغربی ہواؤں کو عرب خطوں بشمول کویت کی طرف دھکیل دیتی ہیں۔
انہوں نے اشارہ کیا کہ اس عرصے میں درجہ حرارت کبھی کبھی رات کے آخر میں ایک ڈگری سینٹی گریڈ تک یا صفر سے بھی کم تک پہنچ جاتا ہے جبکہ کھلے علاقے، صحرا اور کھیت اس سردی کے نتیجے میں سب سے زیادہ متاثرہ ہوتے ہیں۔