کویت اردو نیوز 28 جنوری: کویت میں پاکستان ویمنز فورم (پی ڈبلیو ایف) اور گرین ہینڈز ماحولیاتی ٹیم کے ذریعہ درخت لگانے کی مہم کا آغاز کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق گرین ہینڈز ماحولیاتی ٹیم کویت کے تعاون سے پاکستان ویمنز فورم کویت (پی ڈبلیو ایف) نے اسلامک ہیلتھ سنٹر میں درختوں کی شجرکاری مہم کا انعقاد کیا۔ چیف پیٹرون پی ڈبلیو ایف و بیگم سفیر پاکستان محترمہ عنبرین مصطفی مہمان خصوصی تھیں۔ اس موقع پر کویت میں سفارتخانہ پاکستان کی تھرڈ سکریٹری محترمہ تحریم الیاس بھی ان کے ہمراہ تھیں۔
الصباح اسپیشلائزڈ میڈیکل ڈسٹرکٹ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر احمد الشہتی اور اسلامک ہیلتھ سنٹر کی ڈائریکٹر ڈاکٹر منال المتر نے مسز عنبرین مصطفی کا استقبال کیا اور انہیں سنٹر کا دورہ کرایا۔ مسز عنبرین مصطفی نے اسلامک ہیلتھ سنٹر کے احاطے میں پودا لگا کر پلانٹ ڈرائیو کا افتتاح کیا۔
انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا کہ "کویت ہمارا دوسرا گھر ہے اور کویت کی ترقی میں پاکستانی کمیونٹی اہم کردار ادا کررہی ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ کوویڈ 19 وبائی بیماری کے باوجود پاکستانی خواتین معاشرتی بہبود اور سماجی خدمات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ ہم صاف اور سبز کویت کو یقینی بنانے کے لئے اپنے کویتی بہن بھائیوں کے ساتھ تعاون کے منتظر ہیں۔
صدر گرین ہینڈز ماحولیاتی ٹیم ڈاکٹر سمیعہ السیدان اور پی ڈبلیو ایف کی نائب صدر محترمہ نگہت طارق نے رضاکاروں کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے شرکاء سے گزارش کی کہ وہ ماحول کو صاف ستھرا رکھیں اور ماحول دوست مصنوعات کا استعمال کریں۔ انہوں نے درخت لگانے کی مہم میں ڈاکٹر منال المتر کا تعاون کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا جبکہ مسز عنبرین مصطفیٰ کے ساتھ اظہار تشکر کرتے ہوئے انہوں نے مستقبل میں قدرت کے تحفظ میں کی جانے والی کوششوں کی امید کا اظہار کیا۔