کویت اردو نیوز 05 فروری: کویت میں ایک ہی دن تین بڑے حادثے ہو گئے۔ تین بڑے ٹریفک حادثات منظر عام پر آئے جن میں تین جانی نقصانات کی خبر بھی موصول ہوئی۔
گزشتہ روز ملک میں 3 بدترین ٹریفک حادثات کے کیس درج کئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق دو گاڑیوں کے مابین بدترین تصادم کی وجہ سے دو افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی جس میں ممکنہ طور پر ایک کویتی اور ایک بھارتی شہری کے ہلاک ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں جبکہ حادثے میں زخمی ہونے والے دیگر 4 افراد جن کا تعلق بھی بھارت سے تھا کو علاج کے لئے الفراونیہ ہسپتال میں داخل کرایا گیا اور ہلاک ہونے والوں کی لاشوں کو فرانزک کے لئے لے جایا گیا۔
دوسرا حادثہ اس وقت پیش آیا جب وزارت داخلہ کو کل صبح 6 بجے کے قریب شہداء کے علاقے کے سامنے موجود 6 رنگ روڈ پر ایک بس کے الٹنے کی اطلاع موصول ہوئی۔سیکورٹی اہلکار فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچے اور رپورٹ کی کہ ایک شخص جس کی قومیت یا نام کے بارے میں کوئی ثبوت موجود نہیں تھا دم توڑ چکا تھا تاہم ایمرجنسی میڈیکل گاڑی کے ذریعہ لاش کو فروانیہ اسپتال منتقل کردیا گیا۔
تیسرے حادثے کی اطلاع جنرل فائر بریگیڈ کے شعبہ تعلقات عامہ اور میڈیا نے دی۔جنرل فائر بریگیڈ کے شعبہ تعلقات عامہ اور میڈیا نے بتایا کہ کویت بین الاقوامی ہوائی اڈے کے سامنے المقوع روڈ پر دو گاڑیاں آپس میں تصادم کا شکار ہوئی اور نتیجے میں دونوں گاڑیاں آگ میں جھلس گئیں۔حادثے کے نتیجے میں ایک شخص شدید زخمی ہوا جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ اس حادثے سے نمٹنے کے لئے سبحان سینٹر فائر بریگیڈ کے عملے نے اپنی خدمات پیش کیں۔