کویت اردو نیوز 12 فروری: ایک لیبارٹری ٹیکنیشن نے کورونا سے پاک سرٹیفکیٹ کے لئے 32 دینار کے عوض 70 کے قریب جعلی "پی سی آر” سرٹیفکیٹ جاری کیے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ فوجداری تحقیقات نے کورونا وائرس سے متعلق جعلی میڈیکل سرٹیفکیٹ جاری کرنے والے بھارتی شہریت کے ایک ایسے لیبارٹری ٹیکنیشن کو گرفتار کیا جس نے غلط پی سی آر سرٹیفکیٹ جاری کرکے اپنے پیشے کو استعمال کیا۔ ایک سیکیورٹی ذرائع نے الأنباء کو اطلاع دی کہ الأحمدی پولیس تفتیشی افسران کو اطلاع ملی کہ ملزم نے ایک پی سی آر سرٹیفکیٹ جاری کیا ہے جس میں یہ تصدیق کی گئی ہے کہ "متعلقہ شخص کورونا وائرس سے پاک ہے” جس کا ٹیسٹ اس نے اپنے نجی کلینک میں کیا ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ ملزم پر ایک ہفتے سے نظر رکھی گئی تھی اور اس کی غیر قانونی سرگرمی کو یقینی بنانے کے لئے ایک قانونی نگرانی کے دوران ضروری قانونی اجازت لی گئی اور اس کے قبضہ سے اس نوعیت کے تقریبا 15 سرٹیفکیٹ ضبط کئے گئے جو کہ ابھی ان کے مالکان کے حوالے کئے جانے تھے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ملزم کے واٹس ایپ پیغامات میں متعدد پیغامات پائے گئے ہیں جس میں اس سے کہا گیا تھا کہ وہ پی سی آر سرٹیفکیٹ تیار کرے جو یہ ثابت کرتا ہو کہ وہ کورونا وائرس سے پاک ہیں جبکہ ان پیغامات کے جواب میں ملزم کی رضامندی بھی ظاہر ہو رہی تھی۔
ذرائع نے بتایا کہ واٹس ایپ کے پیغامات سامنے آنے پر ملزم کے پاس الزام کو تسلیم کرنے کے سوا اور کوئی چارہ نہیں تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس نے اپنے اعتراف جرم کے ذریعہ اس طرح کے تقریبا 70 سرٹیفکیٹ جاری کئے اور ہر سرٹیفکیٹ کے عوض 32 دینار کی رقم وصول کی ہے جو کہ مختلف قومیتوں کے افراد کے لئے نکالے گئے ہیں۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ جن افراد کے لیے ملزم نے یہ سرٹیفکیٹ پیش کیے تھے اور ایسے سرٹیفکیٹ جن کو ابھی جاری کیا جانا تھا سب کو ضبط کیا اور ان کو جعلسازی اور رشوت سے متعلق الزامات کے تحت متعلقہ اتھارٹی کو قانونی کاروائی کی تیاری کے لئے بھیج دیا گیا۔
ذرائع نے ملزم لیبارٹری ٹیکنیشن کی جانب سے کئے جانے والے اس جرم کی سنگینی کو نوٹ کیا جس نے یہ دعویٰ کیا کہ لوگ کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے باوجود اس وائرس سے پاک ہیں۔