کویت اردو نیوز 01 مارچ: کویت میں تعینات سفیر پاکستان جناب سید سجاد حیدر سے "اسلامی تعلیم کمیٹی” کے وفد کی ملاقات۔
تفصیلات کے مطابق کویت اسلامی تعلیم کمیٹی کے صدر جاوید اقبال کی سربراہی میں حال ہی میں اسلامی تعلیم کمیٹی کے وفد نے کویت میں تعینات پاکستان کے سفیر جناب سید سجاد حیدر کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی۔
"آئی ای سی” کے وفد میں جاوید اقبال صدر، مشتاق احمد نائب صدر ، اطہر مخدوم جنرل سکریٹری ، محمد انعام انچارج تعلقات عامہ، صدف علی صدر یوتھ ونگ اور نثار احمد باحیثیت ڈپٹی سیکرٹری جنرل شامل تھے۔ سفیر پاکستان کی طرف سے اس وفد کا پرتپاک انداز میں استقبال کیا گیا۔
اسلامی تعلیم کمیٹی کے صدر نے کمیٹی کے ارکان کا سفیر پاکستان سے تعارف کرواتے ہوئے انہیں کویت میں کمیٹی کی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔ سفیر پاکستان نے کویت میں مقیم پاکستانیوں کے لئے IEC کی مذہبی و اخلاقی تربیت اور فلاحی سرگرمیوں کی تعریف کی۔ انہوں نے گذشتہ سال لاک ڈاؤن کے دوران IEC کی سخت محنت اور لگن کے بارے میں بھی بات کی جو کہ گزشتہ سال کی امدادی سرگرمیاں پاکستانی تنظیموں کی جانب سے کویت میں پاکستانی سفارتخانے کی نگرانی میں کی گئی تھیں۔
سفیر نے پاکستانیوں کے مسائل اور سفارتخانے کے کردار کے بارے میں وفد کو تفصیل سے آگاہ کیا۔ پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے میں فوری اقدامات کرنے پر آئی ای سی کے وفد نے مہمان خصوصی اور سفارتخانے کی کاوشوں کو سراہا۔ اس دوران دونوں فریقین نے پاکستانیوں کو درپیش امور پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا۔ ناشتہ کے ساتھ ملاقات کا اختتام ہوا۔ رخصت سے قبل IEC کے وفد نے سفیر پاکستان کی مہمان نوازی اور وقت کا شکریہ ادا کیا۔