کویت اردو نیوز 16 مارچ: امریکہ میں اپنے کامیاب طبی معائنے کے بعد امیر کویت یورپ روانہ ہو گئے۔
کویت کے سرکاری میڈیا KUNA کے مطابق کویت کے امیر شیخ نواف الاحمد الصباح امریکہ میں کامیاب طبی معائنے کے بعد نجی دورے پر یورپ روانہ ہوگئے۔
وزیر اعظم کویت نے گزشتہ روز ہونے والے وزراء کونسل اجلاس کو امریکہ میں ہوئے امیر الکویت کے طبی معائنے کے مثبت نتائج سے آگاہ کیا اور بتایا کہ کامیاب معائنے کے بعد وہ نجی دورے پر یورپ روانہ ہوگئے ہیں۔ وزراء کونسل نے اپنے امیر کی صحت پر گہرے اطمینان اور یقین دہانی کا اظہار کیا اور اللہ تعالی سے امیر الکویت کی مکمل صحت ، فلاح وبہبودی اور لمبی عمر کی دعا بھی کی۔
امیر کویت شیخ نواف الاحمد الصباح نے طبی معائنے کے لئے 4 مارچ کو امریکہ کا سفر کیا تھا۔ یہ طبی معائنہ معمول کے مطابق کروایا گیا جس کے مثبت نتائج حاصل ہوئے۔
یاد رہے کہ مرحوم امیر شیخ صباح الاحمد الصباح کے انتقال کے بعد ستمبر میں اقتدار سنبھالنے کے بعد امیر الکویت کا یہ پہلا طبی سفر ہے۔