کویت اردو نیوز 27 مئی: شہریوں پر سفری پابندیوں کے سبب کویت بین الاقوامی ہوائی اڈہ مشکلات کا شکار
تفصیلات کے مطابق وزراء کونسل کا فیصلہ جس کے تحت غیر ویکسین شدہ شہریوں پر سفری پابندیاں عائد کی گئی ہے نے کویت بین الاقوامی ہوائی اڈے کی پریشانیوں میں مزید اضافہ کردیا ہے۔ ہوائی اڈے پر روانگی ٹریفک میں غیرمعمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے کیونکہ شہری ملک سے باہر سفر کرنے سے قاصر ہیں۔ روزنامہ الرای کی رپورٹ کے مطابق کورونا بحران اور عالمی وبائی صورتحال کے باعث کویت بین الاقوامی ہوائی اڈہ پچھلے ڈیڑھ سال سے مسلسل جدوجہد کے عمل سے گذر رہا ہے۔ وزراء کونسل کے نئے فیصلے کے بعد غیر ویکسین شدہ شہریوں کے سفر نہ کرنے کی وجہ سے ہوائی اڈے سے روانگی کی تعداد میں ایک تہائی حصہ میں کمی واقع ہوئی ہے۔
ڈائریکٹوریٹ جنرل سول ایوی ایشن کے ڈائریکٹر آپریشنز منصور الہاشمی نے روزنامہ کو بتایا کہ اس ماہ کی 20 اور 21 تاریخ کو 63 پروازیں روانہ ہوئیں جن میں کُل 6136 مسافر سوار تھے تاہم وزراء کونسل کے فیصلے کے بعد اس ماہ کی 22 اور 23 کو روانہ ہونے والی پروازوں کی تعداد کم ہو کر 47 ہوگئی جبکہ روانہ ہونے والے مسافروں کی کُل تعداد 4،138 تھی۔ جہاں تک آمد کی بات ہے تو اس ماہ کے 20 اور 21 کو 1900 مسافروں کے ساتھ پروازوں کی تعداد 62 سے کم ہوکر 22 اور 23 کو صرف 1،410 مسافروں کے ساتھ 44 ہوگئی۔
ڈائریکٹوریٹ جنرل سول ایوی ایشن کے ڈائریکٹر آپریشنز منصور الہاشمی نے وضاحت کی کہ DGCA وزراء کونسل کے فیصلوں اور سرکلرز کو عملی جامہ پہنانے اور صحت کے حکام کے طریقہ کار پر عملدرآمد کرنے کے خواہاں ہے جو ہر ایک کے مفاد میں ہے اور کویت ایئرپورٹ اب بھی 10 فیصد صلاحیت سے کام کررہا ہے اور یہ کہ تمام پروازیں صرف شہریوں اور ان کے فرسٹ ڈگری کے رشتہ داروں کے لئے دستیاب ہیں۔
تارکین وطن کی بات کی جائے تو ان کو ملک میں داخل ہونے سے منع کیا گیا ہے سوائے ان افراد کے جو کورونا ایمرجنسی کمیٹی کے ذریعہ خارج ہیں تاہم کویت کی تیل کمپنیوں ، عدلیہ ، فتویٰ، قانون سازی اور تمام طبی عملے اور کارکنوں کو ملک میں داخل ہونے کی اجازت ہے۔