کویت اردو نیوز 28 مئی: فائزر ویکسین چوری اور فروخت کرنے پر انڈونیشی خاتون نرس کو گرفتار کر لیا گیا۔
روزنامہ السیاسیہ کی رپورٹ کے مطابق محکمہ فوجداری تحقیقات (CID) کے اہلکار نے الجہرا اسپتال میں کام کرنے والی ایک نامعلوم انڈونیشی نرس کو فائزر کوویڈ 19 کی ویکسین چوری کرنے اور ایشیائی خواتین کو پیسوں کے عوض ویکسین لگانے اور دوسری خوراک کے لئے تقرری میں مدد کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔ ایک سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سی آئی ڈی کے جوانوں کو یہ اطلاع ملی کہ ایک انڈونیشی عورت ایشین خواتین کو گھروں کے اندر فائزر ویکسین لگا رہی ہے جس پر سکیورٹی فورسز نے اس نرس کے خلاف فوری طور پر گرفتاری وارنٹ حاصل کیا جبکہ تفتیش کے دوران پتا چلا کہ ملزمہ الجہرا اسپتال میں کام کرنے والی ایک نرس ہے۔ دوران تفتیش انڈونیشی نرس نے ویکسین چوری کرنے کا اعتراف کیا اور یہ بھی کہا کہ اس نے اپنے کلائنٹس سے رقم وصول کی ہے۔ CID کے جوانوں نے دو اور انڈونیشی خواتین کو بھی گرفتار کیا ہے جنہیں غیر قانونی طور پر کورونا ویکسین کی خوراک دی گئی تھی۔
تینوں خواتین کو گرفتار کرکے مزید قانونی کاروائی کے لیے پبلک پراسیکیوشن کے پاس بھیج دیا گیا ہے۔