کویت اردو نیوز 06 جون: کویت بین الاقوامی ہوائی اڈے پر مسافروں کے لئے آمد اور روانگی کے وقت فیس کی ادائیگی لازم قرار دے دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق رکن قومی اسمبلی مرزوق الخلیفہ نے کویت انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر مسافروں پر روانگی اور آمد کے لئے فیس عائد کرنے کے ڈائریکٹریٹ جنرل سول ایوی ایشن (DGCA) کے فیصلے کے بارے میں وزیر دفاع شیخ حماد جابر العلی کو سوالات ارسال کردیئے۔ کویت ائیرپورٹ پر آمد کے وقت مسافروں کو 2 دینار جبکہ روانگی سے قبل 3 دینار ادا کرنے ہوں گے۔اس فیصلے کا اطلاق مسافروں پر یکم جون 2021 سے ہوچکا ہے۔ مرزوق الخلیفہ نے اس فیصلے کے حوالے سے سوالات کئے کہ کیا شہریوں اور تارکین وطن پر ان فیسوں کا اطلاق منطقی ہے؟ اور مسافروں کو متعلقہ فیسوں کی ادائیگی کے سبب کونسی خدمات موصول ہورہی ہیں؟ اور کیا اس فیصلے سے قبل قانون سازی کے شعبے سے مشورہ کیا گیا تھا؟ ان سوالات کے علاوہ پارلیمانی وزیر مرزوق الخلیفہ نے قانون سازی کے محکمے کی رائے کی کاپی حاصل کرنے کی بھی درخواست کی ہے۔
مرزوق الخلیفہ نے فیصلہ نمبر 913 کے بارے میں وزیر مملکت برائے بلدیات امور اور وزیر مملکت برائے رہائش و شہری ترقی شیا عبد الرحمن الشائع کو بھی سوالات ارسال کیے کہ کابینہ نے 20 جولائی 2020 کو کویت بلدیہ کو غیر ملکی کارکنان کے رہائشی قیام کے لئے پلاٹ مختص کرنے کا فیصلہ جاری کیا تھا۔ وہ جاننا چاہتے ہیں کہ کیا میونسپل کونسل نے الجہراء میں میونسپلٹی برانچ کے ایسے رہائشی شہروں کے قیام کے لئے تین مقامات مختص کرنے کے فیصلے کی منظوری دے دی ہے؟ اور کیا ان تین علاقوں میں افراتفری کو قابو کرنے کے لئے ان کی صلاحیت کا تعین کرنے کے لئے سیکیورٹی حکام سے مشورہ کیا گیا تھا۔