کویت اردو نیوز 09 جون: غیر اخلاقی حرکت پر فارم ہاؤس (شالے) کے مالک کو گرفتار کر لیا گیا، فارم ہاؤس کے کمروں میں خفیہ کیمرے لگائے جانے کا انکشاف۔
تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ انڈر سیکرٹری برائے فوجداری تحفظ امور کی براہ راست ہدایت پر سی آئی ڈی کے جوانوں نے الخیران کے علاقے میں روزانہ کرایہ پر لئے جانے والے ایک شالے پر چھاپہ مارا جس کے نتیجے میں CID کے جوانوں کو شالے کے کمروں میں نگرانی کے کیمرے ملے۔ ذرائع نے بتایا کہ سرکاری جاسوسوں نے شالے کا مالک جو ایک شہری ہے کو گرفتار کیا اور اسے متعدد الزامات کے تحت پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا۔ یہ گرفتاری اسوقت عمل میں آئی جب ایک شہری خاتون جنہوں نے یہ شالے اپنی چھٹیاں گزارنے کے لئے کرائے پر لیا تھا محسوس کیا کہ کمرے میں نگران کیمرہ موجود ہے۔ اپنے اس خدشے کے تحت خاتون شہری نے دوسرے کمرے کی بھی جانچ کی اور دونوں کمروں کی جانچ کے نتیجے میں یہ بات سامنے آئی کہ دونوں نگرانی کے کیمرے دیوار پر لگی گھڑیوں میں نصب کئے گئے تھے۔ خاتون شہری نے فوری طور پر سیکیورٹی حکام کو اطلاع دی جس کے بعد شالے کی مکمل جانچ کی گئی اور مالک کو فوراً گرفتار کیا گیا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ سیکیورٹی حکام کو مرد اور خواتین شہریوں کی طرف سے نامعلوم شخص کے ذریعہ بلیک میل کرنے کے بارے میں متعدد اطلاعات موصول ہوئی تھیں انہیں دھمکیاں دی گئی تھیں کہ ان کی خصوصی حالتوں میں بیڈروم میں رہتے ہوئے تصاویر اور ویڈیوز شائع کرکے ان کو بے نقاب کیا جائے گا۔ شالے کا مالک اپنے کلائنٹس کی انتہائی ذاتی سرگرمیوں کی ویڈیوز ریکارڈ کرتا تھا اور پھر انہیں ملیک میل کرتا تھا تاہم پبلک پراسیکیوشن کی طرف سے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور اسے استغاثہ کے حوالے کردیا گیا ہے۔