کویت اردو نیوز 20 جون: بیرون ملک پھنسے تارکینِ وطن کے آن لائن رہائشی اقاموں کی تجدید کی سہولت جاری ہے جبکہ 6 ماہ سے زائد ملک سے باہر رہنے کا قانون فی الحال معطل کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق رہائشی امور کی جنرل ایڈمنسٹریشن نے کہا ہے کہ رہائشیوں کے ملک سے باہر ہونے کے باوجود MOI ویب سائٹ پر رہائشی اقاموں کی آن لائن تجدید ہر طرح کے ویزا کے لئے جاری رہے گی۔ رہائشی امور کی جنرل ایڈمنسٹریشن نے واضح کیا کہ سرکاری شعبے کے آرٹیکل 17، نجی کمپنی کے ملازمین کے آرٹیکل 18، گھریلو کارکنوں کے آرٹیکل 20 جبکہ آرٹیکل 22 فیملی ویزا رکھنے والے بھی اپنے رہائشی اقاموں کی آن لائن تجدید کروا سکتے ہیں بشرطیکہ ان کے پاسپورٹ کی معیاد ایک سال سے زیادہ عرصے کے لئے ہو اور کمپنیوں کو کوئی قانونی رکاوٹ نہیں ہو۔ کویت سے باہر رہنے والے اور
ان کے رہائشی اقامہ کی تجدید نہیں کی جاسکتی ہے اس بارے میں جو باتیں سوشل میڈیا میں گردش کر رہی ہیں وہ بالکل بھی درست نہیں ہیں جبکہ وزارت داخلہ کی ویب سائٹ پر تارکینِ وطن باآسانی متعلقہ شرائط پوری کرتے ہوئے رہائشی اقامہ کی تجدید کروا سکتے ہیں۔ روزنامہ الانباء کی رپورٹ کے مطابق کویت میں 6 ماہ سے زائد عرصے کے لئے غیرحاضر رہنے والا قانون فی الحال معطل کردیا گیا ہے اور غیر ملکی کویت میں داخل ہوسکتے ہیں بشرطیکہ کہ ان کے رہائشی اقامے جائز ہوں لہٰذا کویت سے باہر مقیم غیر ملکیوں پر واپس آنے کا کوئی دباؤ نہیں ہے۔
فی الحال دو لاکھ سے زائد غیر ملکی اپنے رہائشی اقامہ کی تجدید کیے بغیر غیر قانونی طور پر کویت میں مقیم ہیں اور دو ماہ کے اندر اس نئے فیصلے پر عمل درآمد کیا جائے گا۔ رہائشی قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے لئے ڈیڈلائن ختم ہورہی ہے اور انہیں اپنے رہائشی اقامہ کی حیثیت میں ترمیم کی ضرورت ہوگی کیونکہ بڑے کمپلیکس ، مالز ، ریستوراں ، ایونٹ ہالوں میں داخل ہونے کے لئے غیر ویکسین شدہ افراد پر پابندیوں کا اطلاق ہوگا۔