کویت اردو نیوز 30 جون: کویت ایئرویز پہلے کی طرح تمام تجارتی پروازوں کا دوبارہ آغاز کرے گی جبکہ 12 ممالک کی پروازیں بحال کرنے پر کویت ائیرویز نے وزراء کونسل کے فیصلے کی تعریف کی۔
تفصیلات کے مطابق کابینہ کی 12 ممالک کو براہ راست پروازوں کی اجازت دینے کے فیصلے کے حوالے سے کویت ایئرویز کے قائم مقام سی ای او کیپٹن عیسیٰ الحداد نے وزراء کی کونسل اور وزارتی کمیٹی برائے کورونا ایمرجنسی کے اس فیصلے کی تعریف کرتے ہوئے ایک پریس بیان میں کہا کہ ” اس عرصہ کے دوران خاص طور پر موسم گرما کے دوران کابینہ کا فیصلہ بہترین اور اہمیت کا حامل ہے جو عام طور پر سیاحت اور ٹریول سیکٹر اور خاص طور پر تجارتی ہوائی نقل و حمل کے شعبے کو زندہ کرنے میں معاون ثابت ہوگا”۔ الحداد نے مزید کہا کہ کویت ایئرویز سول ایوی ایشن کی جنرل انتظامیہ کے ساتھ ہم آہنگی کرے گا تاکہ کچھ ممالک کے لئے پروازیں چلانے کے لئے ضروری پیشگی منظوری لی جائے کیونکہ کورونا بحران کے دوران متعلقہ ممالک نے ہوائی آپریشنز روک دیئے تھے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ
سیاحت ، سفر اور تجارتی ہوائی نقل و حمل کا شعبہ کورونا وائرس سے بہت متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ کویت ایئرویز پہلے کی طرح تمام کمرشل پروازوں کا دوبارہ آغاز کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ کویت ایئرویز نے گذشتہ ادوار کے دوران مسافروں کے لئے متعدد اہم مقامات کے لئے ہوائی آپریشن کا دوبارہ آغاز کیا ہے ان میں سب سے اہم لندن تھا جس کی ہفتہ وار ایک پرواز چلائی جارہی تھی اس کے علاوہ بوڈرم، تربزون اور استنبول ترکی اور جارجیہ میں تبلیسی کی بھی پروازیں چلائی جارہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ
کویت ایئر ویز نے آج بوسنیا کے سراجیوو کے لئے اپنی پہلی پرواز کا آغاز کیا ہے جس کا اعلان انہوں نے اس سے قبل ملک میں صحت کے حکام کے ذریعہ تجویز کردہ اور صحت عامہ کے ذریعہ مقرر کردہ احتیاطی تدابیر اور صحت کے رہنما خطوط پر عمل کرنے کے لئے کمپنی کی خواہش پر زور دیتے ہوئے کیا تھا اس کے علاوہ کویت ایئرویز آئندہ 4 جولائی سے ہر ہفتے اتوار اور جمعرات کو اسپین میں ملاگا کے لئے دو پروازیں چلائے گی جبکہ پیرس کے لئے ہفتے میں 3 پروازیں چلائی جائیں گی۔
یاد رہے کہ کویت کی کابینہ کے حالیہ فیصلے کے تحت بوسنیا اور ہرزیگوینا ، برطانیہ ، اسپین ، ریاستہائے متحدہ امریکہ ، نیدرلینڈز ، اٹلی ، آسٹریا ، فرانس ، کرغزستان ، جرمنی ، یونان اور سوئٹزرلینڈ کے 12 ممالک کو براہ راست پروازوں کی اجازت دی گئی ہے۔