کویت اردو نیوز 28 اکتوبر: حسن اشکنانی کویت کی قدیم مارکیٹ مبارکیہ میں کھجور بیچنے والے سب سے پرانے دوکاندار "حسن اشکنانی المعروف ابو رائد” انتقال کر گئے۔
کویت کے معروف اور قدیم بازار مبارکیہ میں 60 سال سے زیادہ کا وقت گزارنے والے حسن بن احمد اشکنانی جنہیں مبارکیہ بازار میں سب سے پرانا کھجور بیچنے والا "ابو رائد” کہا جاتا تھا کی زندگی کا لمبا سفر ختم ہوا۔ ابو رائد اپنے ساتھی دوستوں کے درمیان ایک محبت کی کہانی چھوڑ گئے جو تقریباً 60 سال قبل کویت میں داخل ہونے کے بعد سے ان کے ساتھ تھے۔ ابو رائد کھجور کے بازار میں کام کرنے کے طویل سفر کے بعد انتقال کر گئے۔ وہ ان تمام قومیتوں کے لوگوں کے لیے فراخ دل اور محبت کی ایک مثال تھے جو ان کے ساتھ رہتے تھے۔ ان کے متعدد ساتھیوں نے اشکنانی کی
جدائی پر دکھ کا اظہار کیا کیونکہ انہیں بازار کا روحانی باپ سمجھاجاتا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی جدائی ہر اس شخص کے لیے صدمہ تھی جو ان کے اخلاق اور معاملات میں شرافت کی وجہ سے انہیں جانتے تھے۔
ابو رائد کے بیٹے محمد حسن نے روزنامہ الرای کو بتایا کہ "میرے والد کا تعلق اماراتی ریاست راس الخیمہ سے ہے جو 1930 میں پیدا ہوئے اور 1950 میں کویت میں داخل ہوئے اور سمندر، بندرگاہ اور سبزی منڈی میں کام کیا، پھر کھجوریں بیچیں۔ ابو رائد دل کی بیماریوں کے علاوہ جلد کی بیماری میں مبتلا تھے جس کی وجہ سے ان کا انتقال ہوا ہے۔ اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ”اپنی موت سے پہلے والد نے ہمیں متحد ہونے اور نماز قائم رکھنے کی نصیحت کی کیونکہ وہ سب سے محبت کرنے والے تھے۔”