کویت اردو نیوز 26 دسمبر: سلطنت عمان نے "Omicron” ممالک پر پابندی ہٹا دی، PCR ٹیسٹ اور سلطنت میں منظور شدہ دو خوراکوں کی ویکسی نیشن سلطنت میں داخلے کے لیے شرط ہے۔ تفصیلات کے مطابق سلطنت عمان نے پہلے اعلان کردہ اومیکرون میوٹینٹ سے متاثرہ ممالک سے سلطنت میں داخلے کو معطل کرنے کے فیصلے کو منسوخ کرنے کا فیصلہ جاری کیا ہے جن میں جنوبی افریقہ، نمیبیا، بوٹسوانا، زمبابوے، لیسوتھو، ایسواتینی اور موزمبیق شامل ہیں۔
سلطنت نے تمام بندرگاہوں سے عمان میں داخل ہونے کے لیے 18 سال یا اس سے زیادہ عمر کے غیر ملکی افراد کے لیے منظور شدہ ویکسین میں سے ایک کی کم از کم دو خوراکیں وصول کرنے کی ضرورت کا اعلان کیا ہے جبکہ ایسے افراد جو عمان پہنچنے پر کووِڈ19 کا منفی پی سی آر ٹیسٹ (پہنچنے سے 72 گھنٹے پہلے کیا گیا ہو) نہ پیش کر پائے انہیں سلطنت میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
سلطنت میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے نتیجے میں ہونے والی پیشرفت سے نمٹنے کے طریقہ کار کا جائزہ لینے کی ذمہ دار سپریم کمیٹی نے اس بات کی توثیق کی کہ سرکاری اور نجی اداروں میں داخلے کی اجازت دینے کے لیے ویکسی نیشن شرط ہے جبکہ اس سلسلے میں احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا (جیسا کہ وبائی امراض کی علامات میں مبتلا افراد کو کام کی جگہ پر آنے یا داخل ہونے کی اجازت نہ دینا) اور احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔